رلی جنم سے لیکر جنازے تک ہمارے ساتھ رہتی ہے، نمائش سے سندھ کی ثقافت کا فروغ ہوگا،وزیرثقافت سندھ

کراچی میں کی گئی رلی نمائش کے بعد بیرون ملک رلی نمائش کرکے سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرینگے ، سید سردار علی شاہ

ہفتہ 29 اپریل 2017 22:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) رلی جنم سے لیکر جنازے تک ہمارے ساتھ رہتی ہے، اسکی نمائش سے نہ صرف سندھ کی ثقافت کا فروغ ہوگا بلکہ اس ہنر سے وابستہ خواتین کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی ، جنہوں نے ایک ایک رلی پر ستارے ہی نہیں بلکہ اپنی آنکھوں کا نوربھی پرویا ہے ۔ کراچی میں کی گئی رلی نمائش کے بعد بیرون ملک رلی نمائش کرکے سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرینگے ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے ہفتہ مہت کوا پیلیس کراچی میں محکمہ ثقافت ، سیاحت و نوادرات کی جانب سے منعقدہ تین روزہ سندھ رلی نمائش اور خوبصورت رلی مقابلہ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون ضیا لنجار ، ایم پی ایز لعل چند اکرانی، اویس قادر شاہ ، پونجو بھیل اوردیگر افسران اور بڑی تعداد شرکا شریک تھے۔

(جاری ہے)

رلی نمائش میں بحرین کے کونسل جنرل یاسر عیسی الھیدی، نائب کونسل جنرل امیر جاسم الخل نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا موقع ہے کہ سندھ کی اس خوبصورت ثقافتی رلی کی نمائش کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف اس ہنر سے وابستہ خواتین کی حوصلہ افزائی ہوگی، بلکہ اس سے ان کی معاشی ترقی بھی ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ثقافتی اقتصادیات کے اس پہلو کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم اس رلی نمائش کے بعد سندھی ٹوپی کی نمائش بھی کرینگے،اور اس کے علاوہ رلی کی عالمی نمائش کا بھی پروگرام ترتیب دینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تین روزہ رلی نمائش میں پورے صوبے کے مختلف خطوں جیسے شمال، کاچھو ، لاڑ اور تھر سے بڑی محنت سے تیار کردہ رلیوں کے ساتھ ہنرمند خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ہے، اور اس نمائش میں ایک ہزار سے لیکر 20لاکھ روپے کی رلی بھی پیش کی گئی ہے، جس کو 9سال کی محنت سے بنایا گیاہے۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کے ہر محکمے کا اپنا اپنا کام ہے اور محکمہ ثقافت کا کام صوبے کی ثقافت کا فروغ ہے جو ہم کر رہے ہیں، امید کی جاتی ہے کہ رلی اور سندھی ٹوپی سمیت دیگر ثقافتی اشیا کے لیے انڈسٹریز قائم کرنے کے لیے بھی متعلقہ محکموں کی طرف سے پلاننگ کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ اس نمائش کے آخری دن سب سے خوبصورت رلی کے مقابلے میں نقد انعامات بھی رکھے گئے ہیں جس سے ان سگھڑ خواتین کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ نمائش میں صوبے بھر سے لائی ہوئی 5000 سے زائد رلیوں کی نمائش کے لیے 50 سے زائد اسٹالز لگائے گئے، جہاں پورا دن کراچی کے شہریوں کا رش لگا رہا،شرکا نے رات دیر موہاتا پیلیس کے لان میں محفل موسیقی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں