سرکار غوث الا عظم دستگیر کی تعلیمات بھٹکی ہوئی انسانیت کے لئے فلاح کا پیغام اور مشعل راہ ہے ،علامہ خلیفہ حیدر علی شاہ کاظمی

نور مصطفی سے ساری کائنات منور ہے اور نور مصطفی کی عظمت کا اقرار ایمان کی بنیاد اور اعمال میں اخلاص پیدا کرنے کا سبب ہے ،حاجی محمد رفیق پردیسی

اتوار 20 جنوری 2019 15:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) نور مصطفی فائونڈیشن کے تحت جامعہ دارالمصطفیٰ قادریہ و اسلامک ایجوکیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ذکر الٰہی و ختم قادریہ و بڑی گیارہویں کی محفل سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے علامہ خلیفہ پیر سید حیدر علی شاہ کاظمی قادری محمودی نے کہا کہ سرکار غوث الا عظم دستگیر کی تعلیمات بھٹکی ہوئی انسانیت کے لئے فلاح کا پیغام اور مشعل راہ ہے ، سرکار غوث لاعظم دستگیر بچپن ہی سے ایسے رنگ میں رنگے گئے کے شرافت،صداقت اور ثابت قدمی اپنانے کے ساتھ ساتھ آپ ؒ نے قناعت اور کم گوئی بھی اپنا لی تھی۔

سائیں حیدر علی شاہ نے مزید کہا کہ توبہ سے اپنے نفس کو پاک کیجیے اور خدا سے پر امید رہیے۔مایوسی کافروں کا شیوہ ہے مومنوں کی تو امتیازی خوبی ہی یہ ہے کہ وہ بہت زیادہ توبہ کرنیوالے ہوتے ہیں اور کسی حال میں خدا سے مایوس نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

گناہوں کی زیادتی سے گھبرا کر مایوسی میں مبتلا ہونا اور توبہ کی قبولیت سے ناامید ہونا ذہن و فکر کی تباہ کن گمراہی ہے۔

خدا نے اپنے محبوب بندوں کی یہ تعریف نہیں فرمائی ہے کہ ان سے گناہوںکا صدور نہیں ہوتا بلکہ فرمایا ان سے گناہ ہوتے ہیں لیکن وہ اپنے گناہوں پر اصرار نہیں کرتے۔ صفائی سے ان کا اعتراف کرتے ہیں اور خود کو پاک کرنے کے لیے بے چین ہوتے ہیں۔مولانا نہال الدین نافی نے نصیحت و واعظ کرتے ہوئے کہا جماعتی عصبیت، تنگ نظری اور دھڑے بندی سے پرہیز کیجئے ۔

کشادہ دلی اور خوش اخلاقی کے ساتھ ہر ایک سے تعاون کیجئے اور جو لوگ بھی صحیح العقیدہ کے ساتھ دین کا کام کر رہے ہوں ان کی قدر کیجیے۔ان کے ساتھ خیر خواہی اور اخلاص کا برتائو کیجیے اور ان کو اپنا رفیق سفر اور معین کا ر سمجھئے۔ حاجی محمد رفیق پردیسی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہادی برحق ﷺ کا اصل اور سب سے بڑا کوئی معجزہ اگر ہے تو یہ کہ ایک امی لقب ہستی کہ جس نے کبھی کسی دنیاوی درس گاہ کا رخ نہ کیا وہ ایک ایسی عظیم تعلیمات لے کر اٹھے کہ انہوں نے نہ صرف یہ کیا کہ عرب کے بد کردار بہائم صفت قبائل کے مزاج و طبائع کو اخلاق انسانی کی معراج و کمال پر پہنچا دیا بلکہ تھوڑی سی مدت میں اقوام عالم کی ذہنی و فکری سطح کو بدل کر رکھ دیا جس نے مشرکوں اور بت پرستوں کے دل میں خدا کی وحدانیت اور اس کے رب کائنات ہونے کا ایمان و ایقان پیدا کر دیا۔

بنی نوع انسان کو ایک ایسا نظام حیات دے دیا جس نے وحشیوں کو تہذیب و تمدن کا علمبردار بنا دیا، جس نے عدل و مساوات اور حقوق انسان کے وہ اصل واضع کئے جو انسانی فلاح کے لئے قیامت تک مشعل ہدایت ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نور مصطفی سے ساری کائنات منور ہے اور نور مصطفی کی عظمت کا اقرار ایمان کی بنیاد اور اعمال میں اخلاص پیدا کرنے کا سبب ہے ، رفیق پردیسی نے کہا کہ دین کی خدمت اور تعلیمی شعور کو اجاگر کرنے میں علامہ پیر غلام محمد سوہو اور خلیفہ سید حیدر علی شاہ کاظمی کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

تقریب میں سید بچل شاہ لکیاری ، افضل چامڑیا، سراج احمد جوکھیو، منصور قادری ،انصاف اسپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محسن رضا ، میر پور خاص سے لائے ہوئے سماجی رہنما ملک عبدالغفار ، حاجی لال جوکھیو ، یحییٰ قادری ، زبیر عالم صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں