محکمہ محنت کے زیر انتظام چلنے والے ہسپتالوں میں صحت کی بہتر سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ مرتضی بلوچ

منگل 21 مئی 2019 23:18

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضی بلوچ نے کہا ہے کہ ان کی ہر ممکن کوشش ہے کہ محکمہ محنت سندھ کے زیر انتظام چلنے والے ہسپتالوں میں مزدوروں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے گزشتہ رات کلثوم بائی ولیکا ہسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر کہی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر محنت غلام مرتضی بلوچ نے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سمیت مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی خراب حالت اور ہسپتال کے اندر روشنی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کارکردگی بہتر نہ ہونے پر آر ایم او ڈاکٹر روح الامین کو معطل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضی بلوچ نے وارڈز میں کمبل اور بیڈ شیٹس کی شکایات پر میٹرن کو تبدیل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ہسپتال میں داخل مریضوں کو صوبائی وزیر غلام مرتضی بلوچ نے یقین دلایا کہ ان کے علاج معالجے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہسپتال میں بہتر کارکردگی نہ دینے والے ڈاکٹرز اور اسٹاف کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مذید کہا کہ یہ ادارے مزدوروں کے پیسوں سے چل رہے ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ ان اداروں میں مزدوروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ محنت سندھ میں ان ہی افسران اور عملے کے جگہ ہے جو اپنے فرائض محنت اور ایمانداری سے انجام دیں گے اور کوتاہی برتنے والوں کا سخت احتساب کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں