متعلقہ محکمہ فراہمی و نکاسی آب کے منصوبے دسمبر 2019 ء تک مکمل کریں۔ چیف سیکرٹری سندھ

بدھ 26 جون 2019 23:10

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے بشمول محکمہ پی ایچ ای ڈی پبلک ہیلتھ انجینئرنگ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے بھر میں فراہمی ونکاسی آب کے ترقیاتی منصوبے دسمبر 2019 ء تک ہر صورت پایہ تکمیل کو پہنچائے اور اس سلسلے میں کوئی رکاوٹ ہے یا فنڈ درکار ہیں تو حصول کے لئے بلاتاخیر رجوع کریں تاکہ فوری طور پر ضروریات پوری کی جا سکیں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وہ بدھ کے روز اپنے دفتر میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ کی ریویو میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیولپمنٹ روشن علی شیخ نے بریفنگ میں بتایا کہ تھرپارکر اور دیگر اضلاع میں فراہمی و نکاسی آب کی اسکیمز عملدرآمد کے مختلف مراحل میں ہیں اور 6 اضلاع میں ماڈل پروجیکٹس کے ترقیاتی کام بھی جاری ہیں دسمبر 2019 ء تک اسکیمز مکمل ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری نے زور دیا کہ آر او پی ریورس اوسموسز واٹر پلانٹس اور (یو ایف پی الٹرا فلٹریشن پلانٹس)کی تنصیب اور حتمی تکمیل بھی اس سال دسمبر تک سو فیصد یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے درخت اگاؤ مہم کو مہمیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ممتاز علی شاہ نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی قرار واقعی تکمیل کے لئے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سمی متعلقہ محکموں سے روابط اور تعاون کو فروغ دیں تاکہ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں۔ سیکریٹری ا مپلی منٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ریاض صدیقی بھی اجلاس میں شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں