عشاق آقاﷺ کے قلب کیلئے تکلیف کا سبب نہیں بنتے، حاجی محمد علی عطاری

جمعہ 26 اپریل 2024 23:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد علی عطاری نے اللہ پاک کے آخری نبی ﷺ کے پیارے دوست کے اوصاف کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے کہا ہے نماز سے محبت کریں کیونکہ نماز پیارے آقا ﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، بھلا وہ کون سا عاشق رسول ہوگا جو اپنے محبوب آقاﷺ کی آنکھوں کو ٹھنڈک نہ پہنچانا چاہی وہ کون سا عاشق رسول ہوگا جو نماز سے جی چراکر، نماز جان بوجھ کر قضا کرکے پیارے آقا ﷺ کی قلب پرانوار کیلئے تکلیف کا سبب بننا چاہی یقینا ایسا کوئی بھی نہیں چاہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد فیضان اسلام ،ڈیفنس میں اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں ایک وقت کی نماز چھوڑنا حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے، لہٰذا ہمیں چاہئے کہ پانچوں نمازیں باجماعت پڑھنے کی عادت بنائیں، پھر اس کے ساتھ ساتھ نفل نمازیں بھی ادا کریں۔

(جاری ہے)

حاجی محمد علی عطاری نے کہا کہ پیارے آقا ﷺ کے پیارے دوست کے اوصاف میں یہ بھی ہے کہ وہ اپنے رب کی اچھے طریقے سے عبادت کرنے والا ہو، یعنی جب وہ عبادت کرے تو فرائض، واجبات، سنتوں، مستحبات کا لحاظ رکھ کر خوب اچھے انداز میں خشوع و خضوع کیساتھ صرف اللہ پاک کی رضا کیلئے عبادت کرے، جو ایسا کرے گا وہ خوش نصیب پیارے آقا ﷺ کا پیارا دوست ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیکھا جائے تو انسان کو انسان سے بہت ڈر لگتا ہے، مگر افسوس اللہ پاک سے جیسا کہ اس کا حق ہے نہیں ڈرتے، اللہ دیکھ رہا ہے اس کا احساس بہت کم ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ تنہائی میں بھی گناہوں سے بچنا بہت دشوار ہوجاتا ہے، اگر بندہ یہ سوچ کر کہ مجھے کوئی نہیں دیکھ رہا، گناہوں میں مبتلا ہوجائے اور اللہ پاک دیکھ رہا ہے، اس بات کی کوئی پروا نہ کرے، یہ کتنے شرم کی بات ہے، ہمیں چاہئے کہ ہم تنہائی میں بھی اور لوگوں کے سامنے بھی ہر حال میں اللہ پاک کے فرمانبردار ہی رہیں،کاش! ہمیں اللہ پاک سے ڈرنا اور اس سے حیا کرنا نصیب ہوجائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں