سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ نے عیدالاضحی کے موقع پر رواں سال بھی اجتماعی قربانی کا پروگرام ترتیب دیدیا

پیر 13 مئی 2024 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ نے عیدالاضحی کے موقع پر رواں سال بھی اجتماعی قربانی کا پروگرام ترتیب دیدیا ہے۔ٹرسٹ کے اعلامیے کے مطابق بڑھتی مہنگائی اور غربت کے باعث 10 لاکھ سے زائد مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچانے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سیلانی کے سی ای او مدنی بشیر فاروق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلانی کے تحت اجتماعی قربانی میں بھرپور حصہ لیں ، سیلانی کے رضاکار پوری ذمہ داری کے ساتھ گوشت مستحقین تک پہنچانے کا فریضہ بحسن و خوبی انجام دینے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

جانوروں کی خریداری سے لے کر ذبیحہ اور گوشت کی تیاری تک تمام امور شفاف طریقے سے اور شرعی تقاضوں کے مطابق انجام دیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سال مکمل گائے کی قیمت ایک لاکھ 33 ہزار، حصہ 19 ہزار روپے فی کس مقرر کیا گیا ہے تاہم جو حصہ دار چاہتے ہیں کہ ان کی طرف سے تمام گوشت تقسیم کردیا جائے ،وہ 16 ہزار روپے فی حصہ والی گائے میں شراکت کرسکتے ہیں۔ مدنی بشیر فاروق نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ گوشت میں اللہ تعالی نے بہترین پروٹین کی بڑی مقدار رکھی ہے تاہم مہنگائی اور غربت کے باعث لاکھوں لوگ عید قرباں پر بھی گوشت سے محروم رہ جاتے ہیں لیکن سیلانی کے پاس 10 لاکھ سے زائد افراد تک پہنچنے کے انتظامات موجود ہیں اس لیے عوام مستحقین تک گوشت پہنچانے میں سیلانی سے تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں