اسلام امن اورمحبتوں کا درس دیتا ہے،علامہ الیاس قادری

بچوں کی عزت کی جائے،بچے کو تو کہہ کر پکارینگے تو بچہ بھی ایسا ہی کریگا، مدنی مذاکرے میں گفتگو

منگل 14 مئی 2024 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) امیر اہل سنت علامہ محمدالیاس عطارقادری نے کہا ہے کہ بلا ضرورت کسی کے عیب بیان نہ کئے جائیں،البتہ اگر کوئی شخص لوگوں کو دھوکہ دیتا ہے تو اس کے عیب ضرورت کے تحت ہی بیان کئے جائیں، یاد رکھیں اسلام تو ہمیں پیار، امن اورمحبتوں کا درس دیتا ہے،ہماری نفرت اس کیلئے جو اللہ ورسول کادشمن ہے،جو لوگوں کو دین کے راستے سے دور کررہا ہے،جو دین کو نقصان پہنچارہا ہے ہماری دشمنی اس سے ہے،جو صحابہ و اہلبیت کادشمن ہے،مسلمان ایک تن واحد ہیں،مسلمان آپس میں بھائی ہیں،ہمیں پیار و محبت سے رہنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہونے والے مدنی مذاکرے میں دینی، اخلاقی و سماجی موضوعات پر کئے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت نے کہا کہ مسلمان ایک جسم کی طرح ہے،مگر افسوس ہم ایک دوسرے کو جسم کے حصے سے بھی کم سمجھتے ہیں،سرکار ﷺ نے کعبہ شریف کی طرف اشارہ کرکے فرمایا کہ مسلمان کی عزت تجھ سے بڑھ کرہے،آج ہم ہیں کہ مسلمانوں کے عیب بیان کرتے ہیں،اگر یہ نہ ہو تو ہمارا معاشرہ امن کا گہوارا بن جائے۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ ہمارے ہاں شوہر یہ سمجھتا ہے کہ صرف بیوی ہی اس کا حترام کرے،ایسا نہیں ہے بلکہ میاں بیوی دونوں ایک دوسرے کا احترام کریں،اپنی اولاد کا بھی احترام کریں اور انہیں ادب سیکھائیں، اگر والدین اپنے بچے پر ہر وقت سختی کریں گے،انہیں جھاڑتے رہیں گے تو بچہ نہیں سمجھے گا،ہر ایک کے سامنے بچے کوجھاڑنا،اس کی بے عزتی کرنا،ذلیل کرنا یہ درست نہیں،بچہ اگر چہ بولتا نہ ہو مگر اس کی غیر محسوس طریقے سے غلط تربیت ہورہی ہوتی ہے کہ اس نے بھی جھاڑنا ہی ہے،اگر والدین بچے کو بار بار مارنے کی دھمکی دیں گے تو بچہ بھی دوسروں کو مارنے کی بات کرے گا،لہٰذا بچوں کو بھی عزت دینی ہے،اگر بچے کو تو کہہ کر پکاریں گے تو بچہ بھی آپ کو تو کہہ کرہی پکارے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں