جاًمِعہ الاخوان سیکٹر 11-G نیو کراچی میںنئے تعلیمی سال کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

مدارس اسلام کے وہ قلعے ہیں جہاں سے اسلام کی آبیاری کی جاتی ہے ۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف

بدھ 15 مئی 2024 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) جاًمِعةالاخوان و مدرسہ دارالعلوم سیکٹر 11-G نیو کراچی میںنئے تعلیمی سال کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت ۔تقریب میں علماکرام اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی ۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس اسلام کے وہ قلعے ہیں جہاں سے اسلام کی آبیاری کی جاتی ہے،یہ ایسی دانش گاہ ہیں جہاں سے علم و عمل کے پیکر تیار ہوتے ہیں۔

ان مدارس سے دینی تعلیم حاصل کرکے ہم اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار سکتے ہیں ۔چیئرمین محمد یوسف نے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مدارس سے وابستہ طلباء علم حاصل کرنے کے لئے سخت محنت اور کوشش کریںاور اپنے ذہنی اور علمی سرمائے میں اضافہ کریں،اللہ تبارک و تعالیٰ کی طرف سے آپ کو یہ شرف حاصل ہوا ہے کہ آپ اس مدرسے سے وابستہ ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد یوسف نے کہا کہ مدرسے سے فارغ التحصیل طلبہ کا اخلاقی اور معاشرتی کردار بڑی بڑی دنیاوی علمی درسگاہوں سے حد درجہ بہتر ہوتا ہے کیونکہ ان بڑی بڑی یونیورسٹیز میں ڈاکٹرز اور انجینئر زاور سائنسدان تو پیدا ہوتے ہیں لیکن ان میںعلم دین کی کمی کی وجہ سے انسانیت مرجاتی ہے ۔

اسلام کا طرز امتیاز یہ ہے کہ دینی اور دنیاوی تعلیم کے ساتھ انسان کو اعلیٰ ترین اخلاقی معیار تک لے جاتا ہے ،ان ہی مدارس سے تعلیم مکمل کرکے طلباء نے اسلام کا غلبہ حاصل کیا اور اسلام کے خلاف ہونے والے جھوٹے پروپیگنڈے کے موثر جواب دیئے اور دین اسلام کا تحفظ کیا ہے ،چیئرمین محمد یوسف نے مزید کہا کہ مدارس کے طلباء و طالبات ہی ہیں جنہوں نے ہر فتنے کے دور میں اسلام کو سر بلند رکھا ہوا ہے ۔

آج پورے فلسطین میں مسلمانوں پر جو ظلم ہورہا ہے اس ظلم کے خلاف اگر آواز اُٹھائی تو مدارس کے طلباء نے اور مسلمانوں میں اس ظلم و جبر کے خلاف بیداری پیدا کی اور اب دنیا میں ہر جگہ مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کی جارہی ہے یہ بیداری دین اسلام کی تحفظ کی ضمانت ہے ،لوگ سمجھتے ہیں کہ مدرسے کا طالب علم کچھ نہیں کرسکتا مگر مدارس کے طلباء دنیا میں ظلم کے خلاف ایک انقلاب برپا کرسکتے ہیں اس لئے آپ لوگو ں کو دینی تعلیم حاصل کرنے کے لئے خوب محنت کرنی ہے تاکہ آپ لوگ دین اسلام کی حفاظت اور معاشرے کے بہترین فرد بن سکیں۔

چیئرمین محمد یوسف نے نئے طلباء سے مخاطب ہوکر کہا کہ مدرسے میں افتتاحی تقریب کے انعقاد کا مقصد آپ لوگوں کی حوصلہ افزائی اور تعلیم کے ساتھ ذہنی ،جسمانی اور روحانی تربیت پیدا کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں