سندھ فوڈ اتھارٹی اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کا دو روزہ تربیتی تقریب کا انعقاد

اتوار 19 مئی 2024 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) سندھ فوڈ اتھارٹی اور نیوٹریشن انٹرنیشنل نے دو روزہ تربیتی تقریب کا انعقاد سندھ یونیورسٹی جامشورو میں کیا جس میں ہائی پرفارمنس مائع کرومیٹوگرافی(ایچ پی ایل سی)،فوئیر-ٹرانسفارم انفراریڈ اسپیکٹروسکوپی(ایف ٹی-آئی آر)،آئی چیک اور سی ڈی آر فوڈ پر توجہ مرکوز کی گئی۔اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی لیب کے عملے کی تربیت کیلئے یہ تقریب سندھ یونیورسٹی جامشورو کے نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس ان اینالیٹیکل کیمسٹری (این سی ای اے سی)میں منعقد ہوئی، جس میں نئی ریجنل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح بھی کیا گیا۔

اس موقع پرسندھ یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو اور سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا فخر حسین نے اس لیب کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ اس نئی سہولت کا مقصد سندھ فوڈ اتھارٹی اور سندھ یونیورسٹی کے متعلقہ شعبے کے درمیان طویل مدتی تعاون اور ترقی کو فروغ دینا ہے، خوراک کی مصنوعات کی جانچ کو بہتر کرنا اور تحقیقی مطالعات میں معاونت کرنا ہے۔

تربیت میں جدید ٹیکنالوجی کو فوڈ لیب سسٹم میں استعمال کرتے ہوئے خوراک کی مصنوعات میں وٹامن اے اورڈی اور صنعتی ٹرانس چربی کا پتہ لگانے اور ان کی مقدار درست کرنے کے جدید طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ یہ تربیت فوڈ سیفٹی کو یقینی بنانے اور فوڈ فورٹیفیکیشن کے ضوابط کی تعمیل، ٹرانس فیٹس سے منسلک صحت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اہم ہے۔تربیتی سیشنز میں گھی میں صنعتی طور پر پیدا ہونے والی ٹرانس فیٹس سے پیدا ہونے والے صحت کے خطرات پر روشنی ڈالی گئی اور خوراک کی حفاظت کے سخت اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا، یہ اقدام خوراک کی حفاظت کے معیارات اور تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتا ہے۔

یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ یہ ٹریننگ لیول 4 اور 5 ہے جس میں سندھ فوڈ اتھارٹی لیب کے عملے کو کامیابی سے مکمل کرنے پر اسناد سے نوازا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں