بین الاقوامی خفیہ تنظیم سے وابستہ شخص گھنائونے جرم میں گرفتار، بیوی بچے بازیاب

جمعرات 23 مئی 2024 17:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2024ء) شہر قائد کے ضلع وسطی میں پولیس نے بین الاقوامی خفیہ تنظیم سے وابستہ ایک شخص کو گھنائونے جرم میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اس کی بیوی اور بچے بازیاب کرا لیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل وومن پولیس نے ایک چھاپا مار کارروائی میں طاہر نامی جنونی کو گرفتار کیا ہے، اور اس کی بیوی اور 4 بچوں کو بازیاب کرا لیا۔

ایس ایچ او وومن ارم امجد نے بتایا کہ ملزم طاہر کے مطابق وہ بین الاقوامی الومیناٹی تنظیم سے وابستہ ہے، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ اس کو ای میل کے ذریعے ٹاسک ملتا تھا، اور ہر ٹاسک کی ویڈیو بنا کر واپس ای میل کرنا ہوتی تھی۔پولیس افسر نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے ٹاسک ملنے پر اپنی ہی بیوی پر تشدد کیا اور ویڈیو بنائی، بیوی کے جسم پر تشدد کے باعث زخم آئے، ملزم کو اگلا ٹاسک اپنی بیٹی کی ویڈیو بنانے کا ملا تھا۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او وومن نے انکشاف کیا کہ ملزم طاہر خفیہ تنظیم کے کہنے پر جنسی ہراسمنٹ، تشدد اور دیگر شرمناک کام کرتا رہا، پولیس کو اس کے خلاف متاثرہ خاتون کی بہن کی جانب سے درخواست ملی تھی، جس پر پولیس نے چھاپا مار کر طاہر کو گرفتار کیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم طاہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور اس کے قبضے سے ایک لیپ ٹاپ اور دیگر اشیا برآمد کی گئی ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں