yکورٹ آرڈر کے باوجود پلاٹوں پر قبضہ حیرت انگیز ہے، شاہد اختر

لینڈمافیا گینگ لوگوں کو ڈرادھمکاکر اور ہراساں کرکے لوگوں کی جگہوں پر قبضہ کررہاہے، طلعت شہزاد

اتوار 26 مئی 2024 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2024ء) پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 2کراچی کے رہائشی شاہد اختر اور ان کے دوست طلعت شہزاد نے سرجانی سیکٹر 10/1میں اپنے چار پلاٹوں پر لینڈمافیا کی سرگرمیوں کے خلاف کورٹ سے 22-Aاور22-Bکے آرڈر نکلوانے کے باوجود قبضے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں لینڈمافیا اتنامضبوط وتواناہوچکاہے کہ کورٹ کے احکامات کو بھی نظرانداز کرتے ہوئے حقیقی مالکان کے لئے وبال جان بناہواہے۔

انہوں نے بتایاکہ ہم دونوں نے سرجانی سیکٹر 10/1میں دودوپلاٹ خریدے تھے لیکن کچھ عرصے بعد کاشف راجپوت، ذیشان، وقاص، ریاض شیخ اور ان کے کارندوں نے ان پلاٹوں پر قبضے کی کوششیں شروع کردیں ،جس پر ہم نے ایپلیکیشن نمبر718/2023کے تحت ان کے خلاف کورٹ سے آرڈر جاری کروائے تھے، لیکن اس کے باوجود ہمارے پلاٹوں پر قبضے کی کوششیں جاری ہیں، ان میں سے ریاض شیخ نامی شخص اپناتعلق سی ٹی ڈی سے بتاتاہے ،جبکہ کاشف راجپوت اور ذیشان سابقہ سیاسی تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں ،ان کا کہناہے کہ ہماراکام چائناکٹنگ ہے ، ان کے ساتھ آٹھ سے دس افراد ہوتے ہیں جو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ان لوگوں کا سرغنہ کاشف ہے جو کہتاہے کہ ایس بی سی اے میں سید عامر حسین ہوتاہے وہ میرابہنوئی ہے، میں اس سے جو کہتاہوں وہ کردیتاہے۔ا نہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل بھی کی ہے کہ ہماری زندگی بھرکی جمع پونجی سے خریدے گئے پلاٹوں سے قبضہ ختم کرایاجائے اور قبضہ گروہوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں