مولانا طارق جمیل کے بڑے بیٹے نے ویڈیو بیان میں چھوٹے بھائی کی خودکشی کی تصدیق کردی

عاصم گھر میں اکیلا تھا جو اپنی بیماری کی تکلیف اور اذیت برداشت نہیں کرسکا اور سکیورٹی سے بندوق چھین کر خود کو گولی مارلی۔ مولانا یوسف جمیل کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 اکتوبر 2023 11:17

مولانا طارق جمیل کے بڑے بیٹے نے ویڈیو بیان میں چھوٹے بھائی کی خودکشی کی تصدیق کردی
خانیوال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 اکتوبر 2023ء ) ملک کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بڑے بیٹے نے ایک ویڈیو بیان میں اپنے چھوٹے بھائی کی خودکشی کی تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق مرحوم عاصم جمیل کے بڑے بھائی یوسف جمیل نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میرا بھائی بچپن سے شدید ڈپریشن کا مریض تھا، عاصم جمیل کی بیماری میں پچھلے 6 ماہ سے شدت آگئی اور بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے عاصم کو الیکٹرک شاک لگائے جارہے تھے لیکن الیکٹرک شاک دینے سے بھی کوئی افاقہ نہیں ہوا۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز میرا بھائی عاصم گھر میں اکیلا تھا جو اپنی بیماری کی تکلیف اور اذیت برداشت نہیں کرسکا اور سکیورٹی سے بندوق چھین کر خود کو گولی مارلی۔

(جاری ہے)

یوسف جمیل نے یہ بھی کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں کہ ہماری کسی سے دشمنی تھی یا کسی نے میرے بھائی پر حملہ کیا بلکہ یہ اس کی تقدیر تھی اور ہم اللہ کے اس فیصلے پر راضی ہیں۔

ادھر آر پی او ملتان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل نے پسند کی شادی کی تھی اوربعد میں طلاق ہوگئی تھی، عاصم جمیل نفسیاتی مریض تھے اور وہ ایک طویل عرصے سے ادویات کا استعمال کر رہے تھے، عاصم جمیل نے 30 بور کے پستول سے اپنے آپ کو گولی ماری، عاصم جمیل نے اپنے ملازم عمران سے پستول منگوایا، جس کے بعد انہوں نے پستول چھاتی کی جانب کرلیا، عاصم جمیل کو ان کے ملازم عمران نے ایسا کرنے سے منع کیا۔

گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کی گئی اپنی ایک پوسٹ میں مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے، اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا، آپ سب سے گزارش ہے کہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں