کوٹلی ،حلقہ سٹی اور حلقہ راج محل کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کی طرف سے آئی ٹی اور سائنس کے عملی کام کی نمائش

ہفتہ 18 مئی 2024 17:12

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے سلسلہ میں ہفتہ کو محکمہ تعلیم کوٹلی نے حلقہ سٹی اور حلقہ راج محل کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کی طرف سے آئی ٹی اور سائنس کے عملی کام کی نمائش کا پائلٹ ہائی سکول میں اہتمام کیا۔ نمائش کے مہمان خصوصی پرنسپل ایلمنٹری کالج کوٹلی سجاد ملک تھے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید جمشید بخاری اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (نسواں) مریم اشرف نے نمائش کا معائنہ کیا۔ بچوں کی طرف سے تیار کئے گئے پراجیکٹس پر سوال کئے اور عمدہ کام پر طلبہ اور ان کے اساتذہ کو شاباش دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید جمشید بخاری اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (نسواں) مریم اشرف نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے لئے حکومت وافر فنڈز مہیا کررہی ہے یہ اب سٹاف اور انتظامیہ کا کام ہے کہ طلبہ کی ذہنی اور تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتے ہوئے انھیں عصر حاضر کے ملکی و گلوبل چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محنتی اور ذہین طلبہ کے لئے ترقی کے میدان میں آگے نکلنے کے برابر مواقع رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکساں نصاب اور مقابلہ کے امتحان کے ذریعے ٹیچرز کی بھرتیوں سے سرکاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم بتدریج مزید بلند ہورہا ہے جو کہ بڑی حوصلہ افزائی کی بات ہے۔ سید جمشید بخاری نے کہا کہ اعلی تعلیم یافتہ سٹاف کی تعیناتی اور حاضری کے بائیو میٹرک سسٹم سے سرکاری ادارے تعلیم کے فروغ میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کررہے ہیں۔ محترمہ مریم اشرف نے طلبہ کے تخلیقی کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ محکمہ تعلیم کوٹلی وزیراعظم کے وژن کے مطابق ہر بچے کے لئے معیاری اور سستی تعلیم حاصل کرنے کا موقع مہیا کررہا ہے۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں