سیکرٹری زراعت پنجاب کی زرعی نمائش ایگری کنکشن میں شرکت، سٹالز کا معائنہ کیا

بدھ 24 اپریل 2024 22:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن لاہور میں منعقدہ زرعی نمائش " ایگری کنکشن " میں شرکت کی اور محکمہ زراعت کے تحت قائم سٹالز کا معائنہ کیا۔ اپنے دورہ کے دوران سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ بھی کیا۔ محکمہ زراعت کے سٹال کے معائنہ کے موقع پر انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ شعبہ اصلاح آبپاشی کے تحت جاری منصوبوں بارے نمائش میں لوگوں کو آگاہی فراہم کی جائے۔

فصلوں کی آبپاشی کے طریقوں بارے کاشتکاروں کو لٹریچر اور شارٹ ویڈیوز کے ذریعے رہنمائی فراہم کی جائے۔ شارٹ ویڈیوز کو کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جا ئے۔

(جاری ہے)

کپاس کی فصل پر سپرے کے طریقوں کی ویڈیوز تیارکر کے سوشل میڈیا کے ذریعے زیادہ سے زیادہ کاشتکاروں اور سٹیک ہولڈرزتک پہنچائی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی تحقیق کے ثمرات کاشتکاروں کی ویلیز تک پہنچنے چاہئیں ۔

کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کیلئے سب سے بڑا چیلنج کپاس کی نئی اقسام کی دریافت ہے۔ کپاس کی ایسی اقسام کی دریافت کی جائے جو ضرررساں کیڑوں اوربیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت کی حامل ہوں۔ کپاس کی فصل پر موسمیاتی تبدیلیوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تحقیق کی جائے۔ دورہ کے موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب نے محکمہ زراعت کے سٹال کی برینڈنگ کو سراہا۔بعد ازاں سیکرٹری زراعت پنجاب نے زرعی نمائش میں منعقدہ کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش کاشتکاروں و دیگر سٹیک ہولڈرز کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔

حکومت پنجاب کاشتکاروں کی فلاح کیلئے 400 ارب روپے سے زائد کا تاریخی زرعی پیکج لا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کسان کارڈ سے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کی بروقت خرید کیلئے بلا سود قرضوں کی سہولت دستیاب ہوگی۔صوبہ پنجاب میں پانی کی ترسیل کو بہتر بنانے کیلئے کھالہ جات کی اصلاح و پختگی کاکام کیا جائے گا۔کسانوں کیلئے ون ونڈو سلوشن کے تحت ماڈل ایگریکلچر سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

کاشتکاروں کو بہتر توسیعی خدمات کی فراہمی کیلئے500 زرعی گریجوایٹس کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جا رہا ہے۔آئی سی ٹی کے استعمال سے زرعی توسیعی سرگرمیوں میں بہتری لائی جائے گی۔کھادوں اور معیاری زرعی ادویات کی کوالٹی اور فروخت کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔آخر میں سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے زرعی نمائش کے کامیاب انعقاد پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں