سیکرٹری زراعت کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد، زرعی ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کے منصوبے بارے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

پیر 13 مئی 2024 21:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی سے بجلی کے اخراجات میں کمی واقع ہوگی،بجلی سے چلنے والے ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے 12 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زراعت ہائوس لاہور میں وزیر اعلی پنجاب کے ’’ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام ‘‘ کے تحت زرعی ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کے منصوبے بارے پیش رفت کے جائزہ اجلاس میں کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کے لیے محکمہ توانائی، آبپاشی اور شعبہ اصلاح آبپاشی و زراعت توسیع فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کے لیے محکمہ زراعت توسیع فصلوں کی کاشت کا ڈیٹا فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ محکمہ آبپاشی زیر زمین پانی کی گہرائی بارے معلومات فراہم کرے گا۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے واضح کیا کہ زیادہ گہرائی میں پانی کی دستیابی والے اضلاع کو سکیم میں شامل نہیں کیا جائے گا،صرف آبپاشی کے لیے موزوں پانی کے ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ اصلاح آبپاشی شمسی توانائی پر منتقل ہونے والے ٹیوب ویلز سے سیراب ہونے والی زمینوں کی لیزر لینڈ لیولنگ کرائے گا۔

اس کے علاوہ محکمہ توانائی سولر سسٹم فراہم کرنے والی کمپنیوں کی پری کوالیفکیشن کرے گا،اچھی ٹیکنیکل اور فنانشل شہرت کی حامل کمپنیوں کو سکیم کے لیے منتخب کیا جائے گا،سولر سسٹم کی تنصیب کے لیے معیاری مٹیریل استعمال کیا جائے گا۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ محکمہ زراعت قرعہ اندازی کیلئے درخواستوں کی وصولی کرے گا اور شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب کاشتکاروں کی حتمی فہرستیں جاری کی جائیں گی۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت پنجاب شہنشاہ فیصل عظیم، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت کیپٹن(ر) وقاص رشید، ڈائریکٹر جنرل زراعت فیلڈ انجینئر سہیل احمد، ڈائریکٹر جنرل زراعت اصلاح آبپاشی ملک محمد اکرم، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں