ملک میں کاروباری آسانیاں پیدا ہونے سے ہی معاشی حالات میں بہتری آئے گی‘الماس حیدر

معیشت میں کچھ بھی نا ممکن نہیں تاہم ہمیں معاشی لحاظ سے مستحکم ہونے کیلئے مل کر محنت کرنا ہو گی‘صدر لاہور چیمبر

جمعہ 22 مارچ 2019 17:07

ملک میں کاروباری آسانیاں پیدا ہونے سے ہی معاشی حالات میں بہتری آئے گی‘الماس حیدر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف پاکستان کو عالمی کاروباری آسانیوں والے ممالک کی درجہ بندی میں محض چند درجے بہتر نہیں بلکہ اولین ممالک کی صف میں لانا ہونا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ورلڈ بینک کے وفد سے ملاقات میں کیا، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

ورلڈ بینک کے وفد کی سربراہی لارس گراوا نے کی جبکہ چارلس شنیدر، دانیال منصور، ظفر اقبال شیخ اور ارشد خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔الماس حیدر نے کہا کہ پاکستان معاشی قوت بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان عالمی کاروباری آسانیوں والے ممالک کی درجہ بندی میں 136ویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کی نسبت بے حد کم وسائل والے ممالک اس درجہ بندی میں ہم سے بہت آگے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروباری آسانیاں پیدا ہونے سے ہی معاشی حالات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری آسانیوں کے حوالے سے انڈیکیٹرز ملک کے اچھے معاشی و کاروبار حالات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ موجودہ حکومت کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور ملک کی موجودہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے معاشی اصلاحات لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی میں کاروبار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ کاروبار بڑھتی ہوئی آبادی کو روزگار اور حکومت کو ملک کا نظام چلانے کیلئے محصولات فراہم اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرتے ہیں جو اپنے ساتھ ملازمت کے مواقع اور جدید ٹیکنالوجی لے کر آتے ہیں۔ سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے ورلڈ بینک کے مشن کو بتایا کہ لاہور چیمبر نے پاکستان میں کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے بہت سا کام کیا ہے، معیشت میں کچھ بھی نا ممکن نہیں تاہم ہمیں معاشی لحاظ سے مستحکم ہونے کیلئے مل کر محنت کرنا ہو گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں