ٴْصنعتکاروں اور تاجروں کے واجبات کی ادائیگیوں کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا

جمعہ 22 نومبر 2019 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2019ء) صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و اطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وزیر اعظم کے وژن کے مطابق قومی معیشت کے استحکام کے لئے صنعت کاری اور مینوفیکچرنگ کے تمام شعبوں کے فروغ کیلئے اقدامات جاری رکھے گی اور اس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایکسپو سنٹر لاہور میں 11 ویں 3 روزہ میگا انٹیریئرز پاکستان نمائش کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو اور فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق بھی موجود تھے۔ میاں اسلم اقبال نے اس امید کا اظہار کیا کہ نوجوان قیادت صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے میں اپنا موثر اور بھر پور کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعتکار اور تاجر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، اس لئے ان کے واجبات کی ادائیگیوں کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فرنیچر کے شعبہ میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے اور پنجاب حکومت اس کی بھر پور سرپرستی کرے گی، اگر اس شعبے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سائنسی خطوط پر منظم کیا جائے تو اس سے بھاری زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے اور فرنیچر سیکٹر کے لئے پی ایف سی کی تجاویز اور سفارشات کا خیرمقدم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ہے، قومی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے اور آئندہ سال عوام کو بڑی خوشخبریاں ملیں گی۔ میاں اسلم اقبال نے تاجروں اور صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ مقامی صنعت کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں اس سے نہ صرف مقامی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی حاصل کرکے برآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی نمائشوں کے بیرون ممالک میں انعقاد کے لئے حکومت ہر طرح کی مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔ میاں اسلم اقبال نے مختلف اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ یہ روایتی فن اور جدید دور کے تقاضوں کا انوکھا امتزاج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی فرنیچر مصنوعات کی بین الاقوامی منڈیوں تک زیادہ رسائی کے لئے جدید خطوط پر مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے نمائش کے افتتاح کے لئے وقت نکالنے پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف سی نے مسلسل گیارہویں انٹیریئرز پاکستان نمائش کا اہتمام کرکے مقامی فرنیچر انڈسٹری کی خدمت اور فروغ کے اپنے عزم اور روایت کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فرنیچر پروڈیوسرز اور عوام کی طرف سے زبردست پذیرائی پر ہم ان کے مشکور ہیں ہے اور امید ہے کہ وہ آئندہ بھی ان نمائشوں میں بھر پور دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے۔

نمائش کے دوران شرکاء نے اس موقع پر کیے گئے انتظامات، ماحول اور فرنیچر کے معیار کو بے حد سراہا اور مختلف تجاویز بھی پیش کیں جن کا منتظمین نے بھر پور خیرمقدم کیا۔ نمائش میں تمام مصنوعات پر 40 فیصد تک زبردست رعایت کی پیش کش کی گئی ہے اور اشیاء کی قیمتیں اس قدر قابل قبول ہیں کہ شرکاء نے خریداری میں بہت زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں