صوبائی وزیر صنعت سے میٹالن ڈیلٹا کارپوریشن کے وفد کی ملاقات،پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت

منگل 21 مئی 2024 16:45

صوبائی وزیر صنعت سے میٹالن ڈیلٹا کارپوریشن کے وفد کی ملاقات،پنجاب  میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے میٹالن ڈیلٹا کارپوریشن کے وفد نے ملاقات کی،پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم ہونے والی ملاقات میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی،سربراہ وفد ایئر کموڈور (ریٹائرڈ) پرویز صادق نے کہا کہ قطر اور مشرقی یورپ کے سرمایہ کار پنجاب کے لائیو سٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے صنعتی مراکز میں سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ حاصل ہے،ایک دفعہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چین، ترکیہ اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے،ایرانی حکومت کے تعاون سے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ سلاٹر ہائوس بنایا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کا فوکس سولر انرجی کے فروغ پر ہے،ہماری کوشش ہے کہ صوبے میں سولر پینلز تیار کرنے کے کارخانے لگیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی، وفد کے اراکین غازی مقدس علی،محمد عثمان،ٹی بخاری اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں