وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پرپیغام

اتوار 21 اپریل 2019 21:40

لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زمین سے محبت کا احساس جگانے کیلئے دنیا بھر میں آج یوم ارض منایا جا رہا ہے اور پانی، پہاڑ، جنگلات، ہریالی اور صحرا کو اصل روح کیساتھ قائم رکھنا ہی زمین سے محبت کا نام ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ورلڈ ارتھ ڈے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی سے زمین کو پہنچنے والے نقصان کے بارے آگہی پھیلانا اورعوام میں اپنے ماحول سے دوستی کا شعور اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تبدیلیاں ایک بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آ رہی ہیں۔عالمی درجہ حرارت میں اضافہ نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ یہ ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے اورماحولیاتی آلودگی کے باعث زمین اپنی بقا کے حوالے سے خدشات کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہتر معیار زندگی کیلئے قدرتی ماحول پر اثر انداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا۔

وزیرا علیٰ نے کہا کہ ورلڈ ارتھ ڈے ہمیں ماحولیات کو تباہ ہونے سے بچانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے۔ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پرزمین کو ماحولیا تی آلودگی سے بچانے میں کردار ادا کرناہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس دن کاتقاضا یہ ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کرہ ارض کو محفوظ بنانے کیلئے درست سمت میں اقدامات کیے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں