کرنٹ خسارہ میں73فیصد کمی مضبوط معاشی پالیسیوں کا ثمر ہے‘ میاں خرم الیاس

معیشت کے استحکام کی طرف گامزن ہونے سے ترقی کے ہدف کا حصول ممکن ہوگا ،چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

پیر 16 ستمبر 2019 15:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث معیشت بحران سے نکل کر معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے جس کے باعث کرنٹ خسارہ میں73فیصد کمی ہوئی ہے جو حکومت کی مضبوط معاشی پالیسیوں کا ثمر ہے،کرنٹ اکائونٹ خسارہ 19ارب روپے سے ساڑھے 13ارب لانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے ،کرنٹ اکائونٹ خسارہ کو مزید کم کرنے سے ملکی معیشت مستحکم اور ذخائر بہتر ہونے سے حکومت پر معاشی دبائو میں کمی واقع ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں خرم الیاس نے کہا کہ معیشت بحران سے نکل کر استحکام کی طرف گامزن ہونے سے اقتصادی ترقی کے ہدف کا حصول ممکن ہوگا ،زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کیلئے روپے کی قدر میں اضافہ اور روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی کو کنٹرول کیا جاسکے ۔

روپے کی قدر میں کمی سے ڈالر مہنگا اور ملک میں ہوشربا مہنگائی جنم لے رہی ہے جس سے ہر شعبہ فکر کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبہ بھی متاثر ہورہا ہے ۔ انہوںنے حکومت کی طرف سے برآمدی شعبہ کے ٹیکس ریفنڈزکی مد میں22ارب اد ا کرنے اور خصوصی پروگرام کے تحت ایکسپورٹر کے 100فیصد ٹیکس ریفنڈہر ماہ ادا کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے برآمدی شعبہ کو سرمایہ کی کمی سے نجات ملے گی اور ایکسپورٹر دلجمعی سے ملکی برآمدات میں اضافہ کرکے حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرکے ملکی معیشت کو مستحکم کرینگے جس سے ملک خوشحالی وترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں