پولیس فورس کی تربیت کے معیار کو بہتر سے بہتر ،اخلاقی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے ' آئی جی پنجاب کی ہدایت

پنجاب پولیس کے نصاب کو اپ گریڈ کرتے ہوئے اخلاقیات سے متعلق ماڈیولز بھی شامل کئے گئے ہیں' شعیب دستگیر

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:53

پولیس فورس کی تربیت کے معیار کو بہتر سے بہتر ،اخلاقی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے ' آئی جی پنجاب کی ہدایت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے پولیس فورس کی تربیت کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیر تربیت افسران و اہلکاروں کو ٹریننگ سکولز اور کالجز میںسمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے مطابق بہترین تربیتی سہولیات فراہم کی جائیں اور جہاں انہیں عصر حاضر میں فیلڈ کی ضروریات کے مطابق جدید عملی علوم سے روشناس کروایا جائے وہیںامیج بلڈنگ اور پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری لانے کے لئے اخلاقی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے اسی لئے پولیس ٹریننگ کالج لاہور میں زیر تربیت افسران و اہلکاروں کو عملی مہارتوں پر مبنی کورسز کروانے کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت اور پبلک ڈیلنگ کے لئے بھی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یسین نے پولیس ٹریننگ کالج، چوہنگ، لاہور میں لیڈی ریکروٹمنٹ کورس کے گیارہویں بیج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ان پولیس افسران کی اخلاقی تربیت پر خاص طور پر توجہ دی ہے تاکہ جب یہ فیلڈ میں جائیں تو ان کے رویے ، شائستگی اور اخلاق کی بدولت جہاں محکمہ پولیس کی عزت و وقار میں اضافہ ہو وہیں شہریوں کی مشکلات کا بھی بروقت ازالہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے نصاب کو اپ گریڈ کرتے ہوئے اخلاقیات سے متعلق ماڈیولز بھی شامل کئے گئے ہیں اس لئے میں کہہ سکتا ہوں کہ پولیس ٹریننگ کالج سے آج صرف بہترین پولیس افسران ہی پاس آئوٹ نہیں ہو رہیں بلکہ اس تاریخی ادارے نے قوم کو مستقبل کی بہترین مائیں بھی فراہم کی ہیں جو جہاں اپنی فیلڈ ڈیوٹی کی ادائیگی کے دوران ایمانداری اور فرض شناسی کی عملی مثال کے طور پر سامنے آئیں گی وہیں گھر میں بہترین بہن ، بیٹی ، بیوی اور بہو کے طور پر اپنا کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں پاس آئوٹ ہونے والی لیڈی پولیس افسران کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی بیٹیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کامیابی کے اس سفر میں ان کے مددگار ثابت ہوئے۔ گیارہوں لیڈی ریکروٹ کورس میںمجموعی طور پر 345 خواتین پاس آئوٹ ہوئیں جن میں سے 85 لاہور سے ، 32 چینوٹ ، 29 رحیم یار خان ، 29 ٹوبہ ٹیک سنگھ ، 26 جھنگ ، 22 مظفر گڑھ ، 21 سرگودھا ، 25 گجرات ، 20 منڈی بہائوالدین ، 14 بہاولنگر ، 14لودھراں ، 07 میانوالی ، 06 حافظ آباد ، 02 ڈی جی خان ، 03 بہاولپور ، 03 لیہ ، 01 پی ایچ پی فیصل آبادجبکہ 06 راجن پور سے ہیں۔

کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور احسان طفیل نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیڈی ریکروٹمنٹ کورس کے گیارہوں بیج کی زیر تربیت افسران واہلکاروں میں اعلی تعلیم یافتہ خواتین بھی شامل ہیں جو عوام کی حفاظت کا جذبہ لے کر میدان عمل میں قدم رکھ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کورس کا دورانیہ 39 ہفتے کا تھا جس میں زیر تربیت افسران و اہلکاروں کو اخلاقیات ، پبلک ڈیلنگ ، شخصیت سازی ، سٹریس مینجمنٹ ، قوانین ، کائونٹر ٹیررازم ، ٹریفک اویئرنیس ، کمپیوٹر ، جنرل نالج ، فیلڈ ورک کی عملی مہارتیں ، ابتدائی طبی امداد ، اسلحہ کا استعمال اور مارشل آرٹ سمیت دیگر عملی مہارتوں پر مبنی کورسز کروائے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر سے آنے والی یہ خواتین افسران میدان عمل میں مردوں سے کسی صورت پیچھے نہیں ہوں گئی کیونکہ انہیں اسی معیار کی تربیت دی گئی ہے جو مرد افسران واہلکاروں کے لئے ہے۔پاسنگ آئوٹ پریڈ کے اختتام پرایڈیشنل آئی جی طارق مسعود یسین نے کورس میں پوزیشن لینے والی افسران میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں