انڈیا کی 13ریاستوں میں برڈ فلو پھیل گیا

کورونا وبا کے بعد برڈ فلو بھی انڈین حکومت کے لیے دردِسر بن گیا

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 24 جنوری 2021 05:55

انڈیا کی 13ریاستوں میں برڈ فلو پھیل گیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری2021ء) کورونا نے تو دنیا بھر کو متاثر کررکھااور ابھی تک اس کے وار کم نہیں ہوئے۔دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح کورونا نے بھارت میں بھی خوب دھماچوکڑی مچائی اور بڑے پیمانے پرلوگوں کو متاثر کیا۔ابھی بھارت کورونا وائرس سے نبردآزما تھا کہ برڈ فلو نے بھی اسے گھیر لیا۔انڈین حکومت کے فشریز اور محکمہ ہیلتھ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انڈیا کی 13ریاستوں میں برڈ فلو پھیل چکا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پولٹری برڈ میں ایوی یان انفلوئنزا پھیل چکا ہے جو کہ 9 ریاستوں میں اپنے پنجے گاڑ چکا ہوا ہے۔کیرالہ اور مدھیہ پردیش سمیت لگ بھگ 9ریاستوں میں ایوی یان انفلوئنزا کی شکایات بڑے پیمانے پر مل رہی ہیں۔ محکمہ ہیلتھ کی رپورٹ کے مطابق انڈیا کی 12ریاستوں میں انفلوئنزا جانوروں کو بری طرح متاثر کررہا ہے جبکہ 9ریاستوں میں پرندوں کو اپنا شکار بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ راجستھان،اترپردیش اور فتح پور سمیت کئی اور علاقوں کے کبوتر،مور اور مختلف قسم کے پرندوں اور کئی جانوروں کے نمونے لیے گئے تو ان میں ایوی یان انفلوئنزا کی تصدیق نہیں ہو سکی۔کئی ریاستوں نے برڈ فلو کی روک تھام کے لیے مہم شروع کر دی ہوئی ہے جس سلسلے میں عوام میں آگاہی دی جا رہی ہے۔ تاہم برڈ فلو کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جس جس علاقے میں اس وائرس کی تصدیق ہوتی جا رہی ہے وہاں لوگوں کے جانوروں اور پرندوں کے فارم  پر موجود انڈوں،پرندوں اور دیگر جانوروں کو تلف کیا جا رہا ہے جس کے عوض ایک لگی بندھی رقم بھی ریاست کی طرف سے عوام کو دی جا رہی ہے تاکہ ان کا نقصان نہ ہو۔

تمام ریاستوں کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ برڈ فلو کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کریں اور روزانہ کی بنیاد پر تلف کیے جانے والے پرندوں اور مالکان کو دی جانے والی رقم کے حوالے سے بھی وزارت کو رپورٹ دی جائے۔تاہم یہ اب انڈیا کے لیے چیلنج بن چکا ہوا ہے کہ جہاں وہ کورونا وائرس سے نبردآزما تھا وہاں اب اسے بڑے پیمانے پر پھیلنے والے برڈ فلو کے لیے بھی اہتمام کرنا ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں