محنت کشوں کے بغیر کوئی قوم ترقی کے راستے پر نہیں چل سکتی‘ محسن نقوی

پیداوار کی بڑھوتری کے لئے مزدوروں کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے

بدھ 1 مئی 2024 13:05

محنت کشوں کے بغیر کوئی قوم ترقی کے راستے پر نہیں چل سکتی‘ محسن نقوی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزدوروں کے عالمی دن پر محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کشوں کے بغیر کوئی قوم ترقی کے راستے پر نہیں چل سکتی۔محنت کشوں کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام افرادی قوت کو دلی مبارکباد دیتا ہوں اور نیک تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں، یہ دن ہمیں جبر و استبداد کے خلاف شکاگو کے شہدا کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محنت کش ہمارے ہیرو ہیں جو رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں، ملک کی تعمیر و ترقی میں محنت کشوں کی بہادرانہ جدوجہد کو خراج تحسین کرتے ہیں، محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ محنت کشوں کی عظمت کو سلام، ان کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی و کامیابی کے راستے پر نہیں چل سکتی، پیداوار کی بڑھوتری کے لئے مزدوروں کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے، تیز رفتار، جامع اور پائیدار ترقی کا ہدف صرف محنت، لگن اور پرعزم افرادی قوت کی وجہ سے ہی حاصل ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر سال یوم مزدور ہمیں دنیا بھر میں محنت کشوں کی قربانیوں کے اعتراف کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، آج ہم محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی اجتماعی بھلائی کیلئے اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں