آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 12 بہادر افسران و جوانوں کو غازی میڈلز سے نوازا

جمعرات 16 مئی 2024 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈاکوؤں، منشیات فروشوں، شرپسند عناصر سے مقابلوں میں زخمی ہونے والے پولیس افسران کی غازی میڈلز سے حوصلہ افزائی کی ۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 12 بہادر افسران و جوانوں کو غازی میڈلز سے نوازا،ڈی ایس پی بلال احمد، اے ایس آئی عاشق علی، اے ایس آئی محمد عمران گل،کانسٹیبلان خرم شہزاد، ثاقب رزاق، محمد ناصر، محمد ندیم، محسن یوسف ،کانسٹیبلان محمد عرفان، محمد ندیم، رانا عدنان منظور، زبیر یونس کو غازی میڈلز نوازا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بہادر افسران و جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر مجرموں کا دلیری سے مقابلہ کیا،بہادرغازی افسروں کے نام سنٹرل پولیس آفس کی غازی وال پر کندہ کئے جائیں گے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے بہادر افسران و اہلکار محدود وسائل میں کثیرالجہت چیلنجز کا ڈٹ کر سامنا کر رہے ہیں،فورس کا مورال بلند کرنے کے لئے بہادر غازیوں کی خدمات کا اعتراف ازحد ضروری ہے، ڈاکٹر عثمان انو رنے کہا کہ غازی قرار دیئے گئے افسران و اہلکار بہترین سہولیات کے حق دار ہیں اور انکی عزت و تکریم کیلئے مزید اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ان بہادر افسران و جوانوں کی جلد از جلد بحالی، سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، غازی افسران واہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔تقریب میں غازیوں کے اہلخانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، اے آئی جی ڈسپلن آصف آمین اعوان سمیت دیگر افسران بھی موقع پر موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں