سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب کی ہدایت پر سموگ ایکشن پلان کے تحت پنجاب حکومت متحرک

فصل کی باقیات جلانے والوں کی گرفتاریوں ،مقدمات کا اندراج جاری ،نارووال میں تین افراد گرفتار ،ایف آئی آر درج

ہفتہ 18 مئی 2024 15:48

سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب کی ہدایت پر سموگ ایکشن پلان کے تحت پنجاب حکومت متحرک
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں فصل کی باقیات جلانے والوں کی گرفتاریوں اور مقدمات کا اندراج جاری ہے جبکہ نارووال میں فصل کی باقیات جلانے والے تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈسٹ کنٹرول سٹریٹیجی کے تحت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے صبح 7 سے 9 بجے تک لاہور کے انٹری پوائنٹس کی صفائی کا کام شروع کر دیا ہے، جن میں راوی ٹول پلازہ، سگیاں ٹول پلازہ، بابوصابو، ٹھوکر نیاز بیگ، اور گجومتہ شامل ہیں۔

محکمہ تحفظ ماحول کے سپیشل سکوارڈ نے ایم ایم عالم روڈ پر زیرتعمیر سائٹ کو ڈسٹ سے متعلق ایس او پیز پورے نہ کرنے پر سیل کردیا ہے اور آج سے محکمہ کی ٹیموں کا سرچ آپریشن شروع ہو چکا ہے، جس میں دھواں اور آواز پیدا کرنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ہدایت کی کہ جہاں بھی خلاف ورزی ہو، وہاں سخت ترین کارروائی کی جائے۔

سموگ کو بھی کووڈ کی طرح سنجیدگی سے لیا جائے۔ ماحولیاتی بہتری اور سموگ کے خاتمے کے لئے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر شفٹ کیا جائے، ورنہ انہیں فوری بند کیا جائے۔حکومت نے قانونی کارروائی حالیہ سروے کے نتائج کی بنیاد پر کی ہے۔ مٹی اور ریت کی ٹرالیوں کے ڈیزائن کو بدلنے کی ضرورت ہے تاکہ سڑکوں کو ڈسٹ فری بنایا جائے۔ضلعی انتظامیہ اور نمبردار اپنے علاقوں میں مساجد سے اعلان کریں اور کسانوں کو فصل کی باقیات جلانے سے روکیں۔

ڈپٹی کمشنرز علاقہ نمبرداروں کو اعتماد میں لیں، اور کسانوں کو فصل کی باقیات جلانے کے نقصانات اور قانون کے بارے میں آگاہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ سموگ اور زہریلا دھواں موت کا سبب بننے والے امراض پیدا کرتا ہے۔ میڈیا اور عام شہری زہریلے دھوئیں پر قابو پانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں