پنجاب اسمبلی اجلاس، اپوزیشن کا ہتک عزت بل 2024ء مسترد کرنے کا اعلان

قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر کی قیادت میں ایوان میں ہنگامہ، ارکان نے ’کالا قانون نامنظور، کالے کرتوت نامنظور‘ کے نعرے لگا دیئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 مئی 2024 17:02

پنجاب اسمبلی اجلاس، اپوزیشن کا ہتک عزت بل 2024ء مسترد کرنے کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2024ء ) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کا ہتک عزت بل 2024ء مسترد کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت شروع ہوا تو ایوان میں ہتک عزت بل2024ء پیش کیا گیا، تاہم اپوزیشن نے ہتک عزت بل 2024ء مسترد کرنے کا اعلان کردیا، اپوزیشن کی جانب سے بل کے خلاف پنجاب اسمبلی کے اندر بھرپور احتجاج کیا گیا، قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر کی قیادت میں اپوزیشن نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی، ارکان نے بل کے خلاف ایوان میں نعرے بازی کی، اس دوران اپوزیشن کے ایم پی ایز "کالا قانون نامنظور، کالے کرتوت نامنظور" کے نعرے لگاتے رہے، اپوزیشن نے بل کے خلاف پلے کارڈز بھی اپنی نشستوں پر آویزاں کیے۔

علاوہ ازیں صحافیوں نے پبھی نجاب حکومت کا مجوزہ ہتک عزت بل 2024ء مسترد کر دیا ہے، لاہور پریس کلب میں ہونے والے اجلاس میں سی پی این ای، پی ایف یو جے، کیمرا مین اور فوٹوگرافر ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی، جہاں صدرلاہور پریس کلب ارشد انصاری اور دیگر نے کہا کہ پیمرا، ہتک عزت اورپیکا کے قوانین پہلے سے موجود ہیں، ایسے میں نیا قانون بدنیتی پر مبنی ہے، ارباب اختیار کو پُرامن طور پر اپنے احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں، حکومت بل بنانے سے باز نہ آئی تو احتجاج ہوگا۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ ) بھی حکومت پنجاب کی جانب سے تیار کیا گیا ہتک عزت کا مجوزہ بل اور وفاقی حکومت کے پیکا ترمیمی بل کو مسترد کرچکی ہے، اس سلسلے میں لاہور میں ایمنڈ کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں آزادی صحافت کی موجودہ صورتحال اور الیکٹرانک میڈیا کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ایمنڈ ہتک عزت اور فیک نیوز کے تدارک کے لیے قانون سازی کی مخالف نہیں تاہم کوئی بھی قانون بنانے سے پہلے ناصرف اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے بلکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسا کوئی قانون آزادی اظہار رائے کو متاثر نہ کرے، اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیے بغیر عجلت میں منظور کیا گیا کوئی بھی قانون آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں