عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں ہر قیمت پر فراہم کریں گے،خواجہ سلمان

جمعہ 25 نومبر 2016 18:01

لاہور۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں ہر قیمت پر فراہم کریں گے۔ پیرا میڈیکس اور نرسیں صحت کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت ان کے مسائل حل کرنے اور ان کیلئے ایک بہتر سروس سٹریکچر لانے کیلئے پر عزم ہے۔

وہ جمعہ کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز، نرسنگ اور فارمیسی پر پہلی بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ خواجہ سلمان نے مزید کہا کہ صحت عامہ کے نظام کو کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ بڑھتی ہوئی آبادی ،تیزی سے پھیلتے وبائی امراض، ڈاکٹروں کی کمی کے باعث تربیت یافتہ ہیلتھ پروفیشنلز کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے پیرا میڈیکس سٹاف اور نرسوں کو مریضوں کا وکیل قرار دیا کیونکہ یہی لوگ سب سے پہلے مسئلے کا سامنا کرتے ہیں اور اکثر اوقات حفاظتی دیوار کا کام بھی کرتے ہیں۔ خواجہ سلمان نے مزید کہا کہ عوام کو صحت کی بہترسہولتیں ہر قیمت پر فراہم کرنا حکومت کا عزم ہے۔ الائیڈ ہیلتھ اور نرسوں کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 2016ء کے دوران فروری میں 1400جبکہ نومبر میں 4000نرسوں کا ریگولر تقررپنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے عمل میں لایا گیا۔

مزید برآں 10نرسنگ سکولوں کو کالجز میں اپ گریڈ کرکے میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نرسنگ سکولوں کی پرنسپل کی پوسٹ کو گریڈ 20میں اپ گریڈ کردیا گیا ہے۔ حکومت نے نرسوں کو تربیت کیلئے چین بھیجا جبکہ اب ترکی بھیجنے پر غور ہورہا ہے۔ یو ایچ ایس کے وائس چانسلر میجر جنرل ریٹائرڈ پروفیسر محمد اسلم نے اپنے خطاب میں کہا الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کیلئے بھی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی طرز پر کونسل بننی چاہیے۔

انھوں نے پیرا میڈیکس اور نرسوں کیلئے نئے پوسٹ گریجویٹ پرگرام شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تقریب سے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر محمد احمل اور پرووائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر جنید سرفراز خان نے بھی خطاب کیا۔تین روزہ کانفرنس کا موضوع"صحت عامہ کے حوالے سے فاصلوں کو ختم کرنا اور مریض کیلئے بہتر حالات پیدا کرنا" ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں