جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر میں فائرنگ کی مذمت کیلئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جنرل ہائوس کا ہنگامی اجلاس

پاکستان بھر کی وکلاء برداری عدلیہ کے ساتھ ہیں،عدلیہ کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑیں گے ہم عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیںاور ہم وکلاء برادری سازشی ٹولوں کے مذموم مقاصد کبھی پورے نہ ہونے دیں گے،مقررین

پیر 16 اپریل 2018 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) جج سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر میں ہونیوالی فائرنگ کے واقعات کی مذمت کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہائوس کا ہنگامی اجلاس انوارالحق پنوں ، صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی زیرِ صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں چوہدری نور سمند خان نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن،حسن اقبال وڑائچ سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور حافظ اللہ یار سپراء فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

حسن اقبال وڑائچ سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے محسن یعقوب بٹ ایڈووکیٹ کو تلاوت ِ کلامِ پاک اور حافظ سراج احمد ایڈووکیٹ کو نعت رسولِ مقبول ﷺکی سعادت حاصل کرنے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے پیر محمدمسعود چشتی سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ،زاہد چوہدری ایڈووکیٹ ہائیکورٹ، آفتاب باجوہ سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، زاہد حسین بخاری ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ، اللہ بخش گوندل ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن جج سپریم کورٹ آف پاکستان کے گھر پر فائرنگ کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور پاکستان بھر کی وکلاء برداری عدلیہ کے ساتھ ہیں اور عدلیہ کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑیں گے اور ہم عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیںاور ہم وکلاء برادری سازشی ٹولوں کے مذموم مقاصد کبھی پورے نہ ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء اپنی عدالتوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اگر ہمیں عدلیہ کے تحفظ کیلئے اپنی جان بھی دینی پڑی تو ہم گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ جمہوری اداروں کی پاسداری کی ہے اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک کیلئے اپنی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی عدلیہ کے ساتھ ہیں اور عدلیہ کی آزادی اور حفاظت کیلئے ہر مثبت اقدام کریں گے۔

انوار الحق پنوں صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ معاملہ کی شفاف اور مکمل انکوائری کی جائے اور جس کسی نے یہ گھنائونا اقدام کیا ہے اسکے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی نے یہ ڈھونگ رچایا ہے تو اسے بھی سامنے لایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدام کر کے اگر کوئی عدلیہ کو ڈرانا یا دھمکانا چاہتا ہے تو ہم اسکی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور اگر ہم محسوس کریں کہ معاملات درست سمت میں نہیں جا رہے تو ہم دوبارہ ہائوس کا اجلاس طلب کر کے راست اقدام اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عہدیداران لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے یہ طے کیا ہے کہ جس قدر ممکن ہو ہڑتال کلچر کو کم کرنا ہے اور ہم ہڑتال کا اعلان کسی انتہائی ناگہانی صورتحال میں ہی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ہمیشہ اداروں کے ساتھ کھڑی ہے نہ کہ شخصیات کے ساتھ ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں