لاہور پیرس ریلی ملکی ثقافت کو فروغ دینے اورپاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے ، رانا مشہود احمد خان

جمعہ 26 اپریل 2024 15:04

لاہور پیرس ریلی  ملکی ثقافت کو فروغ دینے  اورپاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا   بہترین موقع ہے ، رانا مشہود احمد خان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ لاہور پیرس ریلی2024ء ملکی ثقافت کو فروغ دینے اورپاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا بھی ایک بہترین موقع ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے لاہور پیرس ریلی 2024 کے آرگنائزرز اور ایم -ڈی پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن سے ملاقات کی۔

ملاقات کا بنیادی مقصد ریلی کی تیاریوں اور اس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے درکار حکمت عملی پر بات چیت کرنا تھا۔ ملاقات میں پیرس ریلی 2024ء کے متعلق اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لاہور پیرس ریلی جو کہ 26اگست سے شروع ہوگی، پاکستان سے فرانس تک 12 ممالک کا سفر طے کرے گی۔

(جاری ہے)

اس دوران ریلی پاکستان، ایران، ترکی، یونان، اٹلی، سوئٹزرلینڈ، فرانس، جرمنی، آسٹریا، ہنگری، رومانیہ اور بلغاریہ جیسے بڑے ممالک سے گزرے گی۔

رانا مشہود احمد خاں کا کہنا تھا کہ لاہور پیرس ریلی نہ صرف ملکی ثقافت کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے بلکہ یہ پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کا بھی ایک بہترین موقع ہے، ہماری حکومت سیاحت کو بڑھانے اور اسے ایک محفوظ اور پرکشش سیاحتی مقام بنانے کے لئے پرعزم ہے۔رانا مشہود احمد خان نے ریلی کے لئے شرکاء کو حکومتی سطح پر مکمل تعاون اور وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ریلی میں شریک خواتین اور بچوں سمیت تمام شرکاء کے لئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے گی،اس ریلی کے ذریعے نہ صرف ثقافتی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ مختلف ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات بھی فروغ پائیں گے۔ رانا مشہود احمد خان کا کہنا ہے کہ یہ ریلی ہمارے نوجوانوں کو ایک نیا عزم اور جوش دینے کا سبب بنے گی۔ملاقات میں ریلی کے مختلف مراحل، سکیورٹی انتظامات، لاجسٹک سپورٹ اور بین الاقوامی شراکت داروں سے تعاون پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ریلی کے آرگنائزرز نے اس عظیم سفر کو ممکن بنانے کے لئے چیئرمین کے وژن اور حمایت کی تعریف کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں