تحریک پاکستان میں طلبہ نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ، ڈاکٹر رفیق احمد

پیر 24 ستمبر 2018 20:39

لاہور۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) تحریک پاکستان میں طلبا ء و طالبات نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا تھا، قائداعظمؒ چاہتے تھے کہ پاکستانی خواتین قومی زندگی میں فعال کردار ادا کریں اور انہیں کسی طور مردوں سے کم تر نہ سمجھا جائے،نئی نسل پاکستان اور تحریک پاکستان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرے، ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور وائس چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں طالبات کیلئے نویں سالانہ نظریاتی تعلیمی انٹرن شپ پروگرام کے اختتام پر منعقدہ تقریب تقسیم انعامات کے دوران کیا،اس موقع پر بیگم مہناز رفیع،پروفیسر ڈاکٹر پروین خان،پروفیسر انجم نظامی اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی،پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر طرح کے وسائل سے نواز رکھا ہے اور اس میں آگے بڑھنے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، طلباء وطالبات اپنی علمی شخصیت کو برقرار رکھتے ہوئے فنّی شخصیت کو پروان چڑھائیں اور سماجی کاموں میں حصہ لیں،بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ آپ خوش قسمت طالبات ہیں کہ آپ کو یہاں نظریاتی تعلیم و تربیت فراہم کی گئی،قائداعظمؒ اور مادرملتؒ نے اس حقیقت کو سمجھ لیا تھا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر تحریک پاکستان کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکتی لہٰذا انہوں نے خواتین کو بھی قیام پاکستان کی جدوجہد میںعملی طور پر حصہ لینے پر آمادہ کیا،قائداعظمؒ کی خواہش تھی کہ خواتین ملکی تعمیر وترقی میں بھرپور حصہ لیں،ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ اس انٹرن شپ پروگرام کا مقصد نئی نسل میں پاکستان سے محبت کے جذبے کو مزید پروان چڑھانا ہے، نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی سرگرمیوں کا مرکز ومحور بھی نئی نسلیں ہیں اور یہ ادارہ ان کی نظریاتی تعلیم و تربیت فراہم کرکے اہم فریضہ انجام دے رہا ہے،قائداعظمؒ طلبہ کو ہمیشہ اس بات کی تلقین کرتے تھے کہ وہ مکمل توجہ اپنی تعلیم پر دیں،پروفیسر انجم نظامی نے کہا کہ یہاں طالبات کی نظریاتی تعلیم و تربیت کا خاص اہتمام کیا گیااور طالبات کو بہترین ماحول میں تربیت فراہم کی گئی، یہاں دی گئی تربیت کی بدولت طالبات کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوا ،انٹرن شپ کرنیوالی طالبات قندیل الماس اور زبیریہ رشید نے کہا کہ ہم نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے بہترین ماحول میں ہمیں تربیت فراہم کی، پروگرام کے آخر میں طالبات میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کئے گئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں