پورے تعلیمی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت پر عزم ہے‘راجہ یاسر ہمایوں

وزیر ہائر ایجوکیشن کی زیر صدارت وزیر اعظم کے 100روزہ پلان کے تحت تعلیمی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 21:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے وزیر اعظم کے 100روزہ پلان کے تحت تعلیمی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کی۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن میں ہونے والے اجلاس میں چیئر مین پی ایچ ای سی ڈاکٹر نظام الدین، ایڈیشنل سیکٹری ہائر ایجوکیشن مریم کیانی، ڈی جی پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں تعلیم سے متعلق پانچ سالہ پالیسی سازی اور وزیر اعظم کی100 روزہ پلان پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے میدان میں اصلاحات لانے کے لئے پر عزم ہے۔ ہمارے پورے تعلیمی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے ہمیں پاکستان میں جدید علوم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

تعلیمی پالیسی سے متعلق انہوں نے کہا کہ حکومت صوبہ کے نو اضلاع میں عالمی معیار کی تحقیقاتی جامعات کے قیام کا منصوبہ بنا رہی ہے جن کا شمار دنیا کے 500بہترین یونیورسٹیز میں ہو گا۔

آغاز میں مختلف ممالک کے تعاون سے جنوبی پنجاب سمیت 3اضلاع میں جامعات کا قیام عمل میں لایا جائے گا، ہائر ایجوکیشن میں مینجمنٹ اور ریسرچ ٹریننگ کے لئے ادارہ بھی قائم کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت ریسرچ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لئے جگہ فراہم کرے گی۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مل کر اس ضمن میں جامع پالیسی مرتب کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے امتحانی نظام اور پیپر مارکنگ سسٹم میں بھی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ہمیں بین الاقوامی سطح پر قابل قبول گریڈنگ سسٹم متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اساتذہ کی تبادلوں سے متعلق خودکار نظام متعارف کروانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اس نظام سے ضلعی سطح پر ہی اساتذہ کے تبادلوں اور دیگر معاملات کو حل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے تعلیم معیار میں بہتری کے لئے پی ایچ ای سی کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ای سی کے زیر انتظام طلبا کو فنی تربیت کی فراہمی کے لئے کمیونیٹی کالجز پراجیکٹ ایک اہم سنگ میل ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں