تحریک انصاف کی حکومت اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے‘اجمل چیمہ

دیہی ترقی کے موضوع پر بہت بحث کی ضرورت ہے ، سابقہ ادوار میں غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا ‘صوبائی وزیرسوشل ویلفیئر

منگل 16 اکتوبر 2018 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اور بیت المال اجمل چیمہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، اسی ضمن میں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کیلئے نیا نظام لایا جا رہا ہے،انہیں ایک نیا ویژن دیا جا رہا ہے ، وگرنہ اس سے پہلے تک ہم نے یہی دیکھا ہے کہ سیاسی اور بیوروکریسی سسٹم کو دیہاتوں کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں تھی ۔

اسی لئے گاؤں کے لوگوں کا احساس محرومی بڑھتا گیا۔ موجودہ حکومت میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اختیارات صحیح معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے پالیسی بنائی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی یونیورسٹی میں غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام ماہر تعلیم اور ڈی ایف آئی ڈی کے سابق ایجوکیشن ایڈوائزر جاوید ملک کی کتاب ’’ٹرانسفارمنگ ولیجز‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دیہاتوں کی ترقی کیلئے وہاں کے لوگوں کو پارٹنر بنایا جائے تو ہیومن ڈویلپمنٹ بھی بڑھے گا اور غربت کی شرح بھی کم ہوگی ۔ صوبائی وزیر نے جاوید ملک کو ان کی تصنیف پر مبارکباد پیش کی اور اس امر کا اظہار کیا گیا کہ انہوں نے اپنی کتاب کی صورت میں ایک ایسے پہلو کو اجاگر کیا ہے جو ہم سے اوجھل تھا ، یا جس پر ہماری حکومتوں کی توجہ نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفئیر کا کام کرنے والے طالبعلموں کیلئے یہ کتاب بہت راہنما حیثیت رکھتی ہے جس سے استفادہ کرکے دیہاتوں کو درپیش سماجی چیلنجز سے نبٹا جا سکتا ہے ۔ اجمل چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ دیہی ترقی ایک ایسا موضوع ہے جس پر بہت بحث کی ضرورت ہے لیکن اس مسودے میں جاوید ملک نے یہ بحث بہت خوبصورتی کے ساتھ سمیٹی ہے۔ اس موقع پر انہوںنے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کو بھی اس امر پر شاباش دی کہ یہ ادارہ پاکستان کے پسماندہ دیہاتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور دیہاتوں کے وسائل سے محروم طلبہ و طالبات کی تعلیم کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ Law of Giving ہی سماج کی ترقی کا ضامن ہے ، اگر ہم یہ نظریہ اپنا لیں تو ہمارا سماج بہت خوبصورت ہو جائے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں