محکمہ اوقاف ومذہبی امور کے زیر اہتمام منعقدہ "صوبائی سیرت النبی ﷺ کانفرنس

اسوئہ رسول ﷺ کی پیروی کامیابی کی ضمانت ہے ، دنیا تعصبات اور باہمی استحصال کی طرف بڑھ رہی ہے، ان حالات میں نبی اکرم ﷺ کے ان ارشادات کو عام کرنے کی ضرورت ہی:گورنرپنجاب چوہدری سرور ، وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ ودیگر کا صوبائی سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب

جمعہ 8 نومبر 2019 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) اسوئہ رسول ﷺ کی پیروی کامیابی کی ضمانت ہے ،آج جبکہ دنیا میں نسلی ،علاقائی ،لسانی اور ثقافتی جھگڑے زور پکڑ رہے ہیں ، دنیا تعصبات اور باہمی استحصال کی طرف بڑھ رہی ہے ان حالات میں نبی اکرم ﷺ کے ان ارشادات کو عام کرنے کی ضرورت ہے ،جس میں انہوں نے عربی پر عجمی اور عجمی پر عربی کی فضلیت کا خاتمہ کیا ،کالے اور گورے کو ایک صف میں کھڑا کیا ،مواخات کا عظیم نظام اور معاشرتی مساوات کا خوبصورت تصوّر دنیا کو عطا کیا۔

ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، وزیر اوقاف پنجاب صاحبزادہ سیّد سعید الحسن اور ڈائریکٹرجنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہررضا بخاری نے محکمہ اوقاف ومذہبی امور کے زیر اہتمام منعقدہ "صوبائی سیرت النبی ﷺ کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوںنے کہا رسولِ رحمت ،امن وسلامتی کے پیکر اور فلاحِ انسانیت کے علمبردار تھے ، آپ نے دنیا میں قیام امن کو ہمیشہ ترجیح دی اور حالتِ جنگ میں بھی دھوکہ اور وعد ہ خلافی کی ممانعت کی ، اس موقع پر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی ، ڈاکٹر محمد سلطان شاہ ، ڈاکٹر محمدحسین اکبر ،ڈاکٹر راغب حسین نعیمی ,مولانا سیّدعبدالخبیر آزاد ، مفتی محمدرمضان سیالوی ،مولانا زبیر احمد ظہیر ، مولانا شفیق احمد پسروری ، مولانا غلام محمد سیالوی اور حافظ کاظم رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضورﷺ نے ہمیشہ "پُر امن بقائے باہمی "کے جذبے کو فروغ دیا ، آپ ﷺ کی فتوحات تاریخ عالم میں ایسے عظیم واقعات سے آراستہ ہیں ،جس میں عفو و در گذر ،رواداری اور قیامِ امن کو بنیادی حیثیت حاصل رہی ، اس موقع پر سال 1440ھ کے دوران سیرت نگاری پر حافظ محمد سعدا للہ جبکہ اُردو نعتیہ شاعر ی میں راجا رشید محمود کو اوّل انعام ،سونیئر اور اعزازات عطاکیے گئے ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ڈاکٹر محمد سعد صدیقی ،ڈاکٹر محمد سلطان شاہ ،مفتی محمد اسحاق ساقی ،مولانا محمدعارف سیالوی اور آصف اعجاز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں "سیرت ایوارڈ"بھی عطا کیے گئے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں