ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کا شاہکام فلائی اوور منصوبے کا دورہ

فلائی اوور کی 50فیصد پائلنگ کا کام مکمل ہوگیا ہے ‘ منصوبہ 10ماہ میں مکمل ہوگا‘احمد عزیز تارڑ

بدھ 28 جولائی 2021 18:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے گزشتہ روز شاہکام فلائی اوور منصوبے کا دورہ کیا اورمنصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔چیف انجینئر مظہر حسین خان نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کو منصوبے پر جاری کام کے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کر تے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ شاہکام فلائی اوور سوا چار ارب روپے کا منصوبہ ہے ۔

فلائی اوور کی 50فیصد پائلنگ کا کام مکمل ہوگیا ہے ۔ منصوبے میں کل400ملین کی بچت کی گئی ہے اوریہ منصوبہ 10ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔اس منصوبے سے متاثر ہونے والے درختوں کی جگہ 10گنا زیادہ درخت لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

شاہکام فلائی اوور منصوبے سمیت شہر میں جاری تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے چیف انجینئر مظہر حسین خان کو ہدایت کی کہ این ایل سی کے ساتھ مل کر پلان بنائیں اورپراجیکٹ پر جاری کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے ۔

انہوں نے کنٹریکٹرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر جاری کام کی رفتارکسی صورت کم نہیں ہونی چاہیے۔ ڈیفنس روڈ پر کام شروع کر کے اسے پہلے مکمل کریں۔ لیسکو لائنز کی شفٹنگ کا کام بھی تیز کیا جائے ۔چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کو بتایا کہ منصوبے کی تکمیل سے روزانہ ایک لاکھ 20ہزار گارڑیوں کو فائدہ ہوگا۔ سوئی گیس پائپ لائنز منصوبے کی زد میں نہیں آئیں جس سے پراجیکٹ میں مزید بچت ہوگی۔سیوریج سسٹم کی بہتری کے لئے کام جاری ہے ۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ہارون سیفی، این ایل سی اور ایل ڈی اے کے متعلقہ افسران بھی موقع پر موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں