انسانی سمگلنگ کے منظم گینگ کے سرغنہ سمیت 4ملزمان گرفتار

ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپے بٹورے

ہفتہ 20 اپریل 2024 14:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کی جانب سے انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ، انسانی سمگلنگ کے منظم گینگ کے سرغنہ سمیت 4ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں وسیم عباس ،جیمز مسیح ،جنید اقبال اور محمد ارشد شامل ہیں ۔ ملزم وسیم عباس بدنام زمانہ انسانی سمگلنگ کے گروہ کا سرغنہ ہے، ملزم دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے شہریوں کو عراق براستہ ایران بارڈر پار کروانے میں ملوث تھا۔

ملزم سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر عراق بھجواتا تھا، شہریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا، متاثرین کے گھر والوں سے رقوم کا تقاضہ بھی کیا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ ملزم جیمز مسیح ڈیوائن گارڈن میں واقع غیر قانونی کنسلٹینسی چلا رہا تھا، گرفتار ملزم جیمز مسیح بغیر لائسنس سادہ لوح شہریوں سے پاسپورٹ وصول کر رہا تھا۔

ترجمان کے مطابق دو انسانی سمگلرز کو لاہور کے علاقے ٹائون شپ اور فیروزپور روڈ سے بھی گرفتار کیا گیا ، گرفتار ملزمان میں جنید اقبال اور شامل ہیں ۔ گرفتار ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے۔ملزم جنید اقبال نے متاثرہ شہری کو میکسیکو بھجوانے کے نام پر 20لاکھ روپے ہتھیائے۔جبکہ ملزم محمد ارشد نے شہری کو دبئی ملازمت کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ روپے ہتھیائے۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں