آڈیو لیکس کیس، آئی بی کی بینچ پر اعتراض واپس لینے کی درخواست خارج

آئی بی کی بینچ پر اعتراض کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں،اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، آپ کی اعتراض والی درخواست تو پہلے ہی خارج کی جا چکی ہے، درخواست خارج ہونے کا آرڈر آئے گا تو وہ آپ کو مل جائے گا،جسٹس بابر ستار

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 3 مئی 2024 10:53

آڈیو لیکس کیس، آئی بی کی بینچ پر اعتراض واپس لینے کی درخواست خارج
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 مئی 2024 ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آڈیو لیکس کیس میں آئی بی کی بینچ پر اعتراض واپس لینے کی متفرق درخواست بھی خارج کر دی،جسٹس بابر ستار پر اعتراض واپس لینے کی آئی بی کی درخواست پر سماعت ہوئی،سماعت کے آغاز میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ آئی بی کی بینچ پر اعتراض کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں،جسٹس بابر ستار نے کہا کہ آپ کی اعتراض والی درخواست تو پہلے ہی خارج کی جا چکی ہے، درخواست خارج ہونے کا آرڈر آئے گا تو وہ آپ کو مل جائے گا، آرڈر میں ڈی جی آئی بی کو نوٹس ہے کیوں نا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، آرڈر میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کس نے درخواست دائر کرنے کی اتھارٹی دی تھی، آپ نے جو جواب دینا ہے وہ آرڈر آنے کے بعد دے دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو لیک کے خلاف کیس پر سماعت کے دوران پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کی جانب سے جسٹس بابر ستار سے آڈیو لیکس کیس سے علیحدہ ہونے کی متفرق درخواستیں خارج کردیں تھیں۔

آڈیو لیکس کیس میں آئی بی نے اپنی درخواست واپس لینے کےلئے متفرق درخواست دائرکی تھی۔جسٹس بابر ستار نے سماعت کے دوران ریمارکس دئیے تھے کہ اگر ایگزیکٹو ججز کو دھمکائے اور وہ توہین عدالت کی کارروائی کریں تو یہ مفادات کا ٹکراوٴ کیسے ہوگا؟ کیا عدالت آئی بی اور ایف آئی اے کے کیسز سننا چھوڑ دے؟۔پیمرا، آئی بی، پی ٹی اے، ایف آئی اے نے جسٹس بابر پر اعتراض کیا تھا اورآڈیو لیکس کیس سے الگ ہونے کی درخواستیں دی تھیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں