وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پروزیرخوراک پنجاب بلال یاسین کا فیصل آباد میں کریک ڈاؤن

ہفتہ 20 اپریل 2024 20:25

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پروزیرخوراک پنجاب بلال یاسین کا فیصل آباد میں کریک ڈاؤن
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے فیصل آباد میں ناقص اور غیر معیاری اشیائے خورونوش بنانے اور بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا۔ صوبائی وزیر خوراک کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے معروف ریسٹورانٹس، فوڈ پوائنٹس اور بازاروں میں چھاپے مارے۔

اس دوران قواعد کی خلاف ورزی پر 3 لاکھ کے جرمانے عائد کیے گئے اور سلاٹر ہاؤس کو وارننگ جاری کی گئی۔ اسی طرح ایک مقدمہ درج کر کے 1 من سے زائد غیر معیاری گوشت اور مچھلی تلف کی گئی۔ موقع پر موجود میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی کے قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خوراک نے بتایا کہ چھاپے کے دوران سٹوریج ایریا انتہائی گندا بدبودار ماحول کیساتھ پایا گیا۔ اسی طرح ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹ بھی موجود نہیں تھے۔ بلال یاسین نے بتایا کہ تیار خوراک پر تاریخ اجراء اور تنسیخ بھی درج نہیں تھی اور فریزر میں مردہ مکھیوں مچھروں کی بھرمار پائی گئی۔ انسپکشن کے دوران دیکھا گیا کہ پروسیسنگ ایریا میں کھلی نالیاں اور ٹوٹے فرش پر ایکسپائر اجزاء سے خوراک کو تیار کیا جارہا تھا۔

پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزی پر جرمانے اور مقدمہ درج کروایا۔ بلال یاسین نے کہا کہ شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی ہمارا مشن ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر خوراک نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کا جڑ سے خاتمہ محکمہ خوراک کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے پنجاب بھر میں آپریشنز جاری ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں