شافع حسین سے چینی سرمایہ کار کمپنی کے وفد کی ملاقات ، چپ مینو فیکچرنگ میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی

منگل 23 اپریل 2024 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈمیںچین کی چپ مینو فیکچرنگ کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔چینی کمپنی نے چپ اور دیگر کارڈز کی مینو فیکچرنگ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ چینی کمپنی ایکس ایچ سمارٹ ٹیک لمیٹڈ کیانڈریو لی آنگ نے کہا کہ ہمارا گروپ پنجاب میں چپ مینو فیکچرنگ کا پلانٹ لگانا چاہتا ہے اس لئے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں زمین دی جائے ۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے انڈسٹریل زونز میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔سپیشل اکنامک زونز میں دس سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت ہے ۔

(جاری ہے)

چینی کمپنی انڈسٹریل زون میں سرمایہ کاری کرے ہر ممکن سہولت دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ چپ اور کارڈ مینو فیکچرنگ میں سرمایہ کاری کا وسیع سکوپ موجود ہے ۔

پنجاب حکومت چینی کمپنی کو چپ مینو فیکچرنگ کا پلانٹ لگانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا میرا عزم ہے ۔ صوبے میں سرمایہ کار دوست ماحول موجود ہے ۔ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے ہر ممکن سہولتیں دے رہے ہیں ۔ سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن اور چینی کمپنی ایکس ایچ سمارٹ ٹیک لمیٹڈ کے عہدیدار ملاقات میں موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں