صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی خان گورچانی کی زیر صدارت اہم اجلاس،ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا

بدھ 24 اپریل 2024 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی خان گورچانی کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔ ترجمان کے مطابق مائینز لیبر ویلفیئر کمشنر پنجاب/ چیف انسپکٹر آف مائینز ریاض احمد چوہدری نے صوبائی وزیر کو ترقیاتی منصوبہ جات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ورکس انجینئر طارق حسن بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

سردار شیر علی گورچانی نے مائنز لیبر ویلفیئر کمشنر کو کانکنان کی فلاح کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق معذور کان کنوں کی ماہانہ امداد کو ای او بی آئی کی ماہانہ پنشن کے برابر کیا جائے گا۔ کان کنوں کی دوران ڈیوٹی وفات کی صورت میں معاوضہ کم از کم 8 لاکھ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مزدوروں کی کم از کم اجرت 32000 کو یقینی بنایا جائے۔ ہر ورکر کو ہر بچے کی شادی پر کم از کم 4 لاکھ روپے لازمی دیئے جائیں۔ صوبائی وزیر نے کانکنان کی ڈیتھ گرانٹس اور انکے بچوں کی شادی پر دی جانے والی میرج گرانٹس کی فوری ادائیگی کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔تمام خالی آسامیوں کی جامع رپورٹ پش کرنے کا بھی حکم دیا۔سردار شیر علی گورچانی نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب قیمتی معدنیات سے مالا مال ہے۔

وہاں کے کانکنان کیلئے جدید فلاحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دوران کانکنی حادثات کی روک تھام کے لئے تمام ایس او پیز کی پابندی ضروری ہے۔ کانکنان اور ان کے اہل خانہ کی تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ ناقابل قبول ہے۔ صاف پانی اور رہائش کی بہترین سہولیات کانکنان اور ان کے اہل خانہ کو دینا بھی ہمارا فرض ہے۔ ترقیاتی منصوبہ جات میں کسی قسم کی مالی اور تکنیکی غفلت برداشت نہیں کی جا سکتی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں