پی ایچ ای سی کے زیر اہتمام قانون ،توہین مذہب وہماری سماجی ذمہ داریاں کے موضوع پر آگاہی سیمینار

جمعہ 26 اپریل 2024 00:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) پنجاب ہایئر ایجوکیشن کمیشن نے پنجاب یونیورسٹی کے تعاون سے انسداد مذہبی منافرت مہم کاآغازپنجاب یونیورسٹی سے کر دیا جس کا مقصد طلبا وطالبات میں قانون توہین مذہب کے تناظر میں سماجی ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنا ہے۔ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلبہ اور کمیٹی برائے آگاہی انسداد مذہبی منافرت اورپی ایچ ای سی کے زیر اہتمام قانون توہین مذہب اور ہماری سماجی ذمہ داریاں کے موضوع پر شیخ زائد اسلامک سنٹر کے آڈیٹوریم آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد، وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود، صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اسد منظور بٹ،ڈین فیکلٹی آف اسلامک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی، ڈائریکٹر کو آرڈینیشن پی ایچ ای سی ڈاکٹر رانا تنویر قاسم، ڈائریکٹر شعبہ امور طلبا ڈاکٹر محمد علی کلاسرا، ڈاکٹر سعید احمد، فیکلٹی ممبران اور طلبا وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ معاشرے کو تعلیم دینا اساتذہ اور جامعات کی ذمہ داری ہے، جب تک عوام کو قوانین بارے آگاہی نہیں ہوگی جہالت کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ درست معلومات کے حصول اور غلط معلومات سے بچائو اس مسئلے کا حل ہے جس کے لئے سوشل میڈیا ماہرین تیار کرنا ہوں گے۔ انہوں نے پی ایچ ای سی کی طرف سے آگاہی انسداد مذہبی منافرت مہم کو سراہا اورکہا کہ سب کو مل کر ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جو مسلمانوں کے خلاف ہونے والی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کرسکے۔

انیق احمد نے کہا کہ ہر دور کے شیطانوں کی چالیں مختلف ہوتی ہیں جن کی پہچان علم کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنقید، تحقیر اور تذلیل میں فرق ہوتا ہے، اظہار رائے کی آزادی کی آڑ میں توہین مذہب کی اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ، سیالکوٹ جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے قوانین بارے آگاہی ضروری ہے ۔ سیمینار سے اسد منظور بٹ ، ڈاکٹرتنویر قاسم،پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی اور ڈاکٹر محمد علی کلاسرا نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں آغازِسحر گرین کمیونٹی کے تعاون سے شیخ زاید اسلامک سنٹر میں شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں