400 ارب روپے سے زائد کا زرعی پیکج کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا‘ عاشق حسین کرمانی

جمعہ 26 اپریل 2024 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کا400ارب روپے سے زائد کا ’’ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر‘‘پلان زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے زراعت ہائوس لاہور میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان کی ٹائم لائن کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کاشتکاروں کو 300ارب روپے کے بلا سود قرضوں کی فراہمی کیلئے تمام انتظامات تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔بلا سود قرضوں کی سکیم محکمہ زراعت پنجاب اور بینک آف پنجاب کے باہمی اشتراک سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس فلیگ شپ پروگرام کے تحت 5لاکھ کاشتکاروں کو بلا سودقرضوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس سکیم کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب کسان کارڈ کا اجرا جلدکیا جا رہا ہے۔وزیر زراعت پنجاب نے کہاکہ صوبہ بھر میں 7ہزار ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ کاشتکاروں کو5ہزار سپر سیڈر اور 2ہزار رائس شریڈر60فیصد سبسڈی پر فراہم کئے جا ئیں گے۔صوبہ پنجاب میں 80ارب روپے کی لاگت سے 7300کھالہ جات کی اصلاح و پختگی کی جائے گی۔

شعبہ زراعت توسیع کی تنظیمِ نو پر2 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔کاشتکاروں کو بہتر توسیعی سروسز کی فراہمی کیلئی500زرعی گریجوایٹس کنٹریکٹ پر بھرتی کئے جائیں گے۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچرپروگرام کے تحت ادارہ جاتی اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں۔کپاس،گندم اور چاول کی کوالٹی اور پیداوار میں اضافہ کیلئے جدید ترین ریسرچ سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں۔

معیاری کھادوں اور زرعی ادویات کی مقرر کردہ قیمتوں پر فراہمی کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔اجلاس میں سیکرٹری لائیو اسٹاک مسعود انور،اسپشل سیکرٹری زراعت محمد شہنشاہ فیصل اعظم،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ)کیپٹن(ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں کی شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں