چیف سیکرٹری کا جھنگ ، چنیوٹ ،قصور میں روٹی کی قیمت 16سے کم کر کے 15روپے کرنے کا حکم

انتظامی افسران کو کام کرنے کی مکمل آزادی دی گئی ہے ، ڈلیور کرنا ان کی ذمہ داری ہے‘ زاہد اختر زمان ڈپٹی کمشنرز کو میرج ایکٹ پر عملدرآمد کرانے ،آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایات جاری

جمعرات 9 مئی 2024 15:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے جھنگ ، چنیوٹ اورقصور میں روٹی کی قیمت 16سے کم کر کے 15روپے کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔انہوں نے یہ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں میں منعقد ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میںگورننس، سروس ڈلیوری کی بہتری کیلئے اقدامات اورروٹی کی قیمت میں کمی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے آٹے کی قیمت میں کمی کے تناسب سے روٹی کے نرخ مقرر کئے جائیںگے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران کو کام کرنے کی مکمل آزادی دی گئی ہے ، ڈلیور کرنا انکی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق کارکردگی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی اورنا قص کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے میرج ایکٹ پر عملدرآمد کرانے اورآوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے ڈپٹی کمشنرز اپنے فرائض پوری ایمانداری سے انجام دیں،کام صرف اور صرف میرٹ پر کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا ستھرا پنجاب پروگرام یونین کونسل کی سطح پر نئے گوررننس ماڈل کی بنیاد ثابت ہوگا،تمام ڈپٹی کمشنرز اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

سیکرٹری صنعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ نو اضلاع میں روٹی کی قیمت 16روپے، 26اضلاع میں 15روپے مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان اور راجن پور میں روٹی کی قیمت 13روپے، مظفر گڑھ، کوٹ اددو اور لیہ میں 12روپے مقرر کی گئی ہے۔روٹی کی قیمت سے متعلق موصول 238شکایات میں سے 221کا ازالہ کر دیا گیاہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں