وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ

پاک چائنہ ڈویلپمنٹ سینٹر کے قیام، سویابین کے بیج کی پیداوار میں اضافہ و دیگر اُمور بارے بریفنگ حکومت پنجاب زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کیلئے عملی اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی

جمعرات 9 مئی 2024 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) صوبہ پنجاب میں فصلوں کی کاشت کیلئے تین ماہ کی مدت میں ایگرو ایکالوجیکل زوننگ کی جائے۔حکومت پنجاب زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کیلئے عملی اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے دوران اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کو پاک چائنہ ڈویلپمنٹ سینٹر کے قیام اورسویا بین کے بیج اور سٹرس کی پیداوار میں اضافہ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وزیر زراعت پنجاب نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تل کی ویلیو ایڈیشن کیلئے انڈسٹری کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

آلو کا پیسٹ بنانے کیلئے بھی انڈسٹری کو آن بورڈ لیا جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں کلراٹھی زمینوں کی اصلاح کیلئے منصوبہ پر عمل درآمد جاری ہے۔پاک چائنا ڈویلپمنٹ سینٹر کے قیام کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔صوبہ پنجاب میں سٹرس کی بحالی کیلئے منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ سرگودھا کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لیہ میں سٹرس ریسرچ سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے کنٹری ہیڈ کو مدعو کر کے زرعی تحقیق اور سائنسدانوں میں بہتری کیلئے تجاویز پیش کی جائیں۔انھوں نے کہا کہ سویا بین کے بیج کی پیداوار بڑھانے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے مذاکرات کئے جائیں۔مقامی سویا بین کی خریداری کیلئے پولٹری انڈسٹری کو آن بورڈ لیا جائے۔

اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں 30 ہزار سٹوڈنٹس زیرِ تعلیم ہیں جن میں 50 فیصد طالبات ہیں۔انھوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تحت 700 ایکڑ رقبہ پر 171 سویا بین کے پلاٹس قائم کئے گئے ہیں۔اجلاس میں ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں، زرعی سائنسدانوں اور اکیڈمیا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں