پاپولیشن ویلفیئرڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ماں کے عالمی دن کے حوالے سیمینارکا انعقاد

پیر 13 مئی 2024 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2024ء) پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور ٹی سی آئی گرین سٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان کے تعاون سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں ماں کے عالمی دن کے حوالے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر ڈپارٹمنٹ پنجاب ثمن رائے صاحبہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے اعلی عہدیدران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مرد و خواتین نے شرکت کی اور زندگی میں ماں کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پہ ڈی جی پاپولیشن ویلفیئر ڈپارٹمنٹ پنجاب ثمن رائے کا کہنا تھا کہ ایک ماں بچے کی پیدائش سے لے کر اس کی پرورش کے تمام مراحل میں اپنا بے لوس کردار ادا کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

ہر مشقت سہہ کر اپنے بچوں کے لیے آسانیاں پیدا کرتی ہے۔ ماں اگر ورکنگ ومن ہو تو اس کے لیے زندگی کے ہر شعبے میں کردار ادا کرنا اور بھی معنی خیز ہو جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کے ایسی ماں ایسی خواتین کے لیے مزید ترقی کے مزید موقعے پیدا کئے جائیں اور ان کے لیے زندگی کے ہر میدان کو آسان بنایا جائے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پاپولیشن ویلفیئر ڈپارٹمنٹ پنجاب کا بھی یہی نصب العین ہے کہ بہترین صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے ذریعے ماں کی بہتری کے لیے کام کیا جائے جس میں لڑکیوں کی تعلیم پر زور دینے کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبے میں فیصلہ سازی کے قابل بنانا بھی شامل ہے۔ تقریب کے اختتام پر ممتا کا جشن مناتے ہوئے کیک بھی کاٹا گیا اور پاپولیشن ویلفیئر ڈپارٹمنٹ اور ٹی سی آئی گرین سٹار نے مستقبل میں بھی ماں اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید کام کرنے کا عزم کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں