پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب

پیر 13 مئی 2024 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں پولیس ملازمین کورواں برس کے دوران ویلفیئر کی تمام کیٹیگریز میں بھرپور معاونت فراہم کی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ رواں سال کے ابتدائی چار مہینوں کے دوران اب تک پولیس ملازمین کو 1ارب، 2 کروڑ،17 لاکھ روپے سے زائد رقم ویلفیئر کی مد میں جاری کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کو 39 کروڑ 52 لاکھ روپے سے زائد رقم تعلیمی وظائف کے طور پر دی گئی جبکہ میڈیکل گرانٹس کیٹیگری میں 10 کروڑ 36 لاکھ 46 ہزار روپے سے زائد رقم ملازمین کو دی گئی۔ پولیس شہدا اور ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کیٹیگری میں 23 کروڑ، 34 لاکھ روپے ادا کئے گئے اور فئیر ویل گرانٹ کی کیٹیگری میں 10کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد رقم ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

گذارا الائونس کی کیٹیگری میں پولیس ملازمین کی فیملیز کو 11 کروڑ 84 لاکھ 76 ہزار سے زائد رقم ادا کی گئی، شہدا کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے 1کروڑ 55 لاکھ روپے دئیے گئے، لیگل معاونت کی مد میں فورس کو 1کروڑ 53 لاکھ روپے دئیے گئے۔ تدفین کے اخراجات کی مد میں پولیس ملازمین کے اہلخانہ کو 2 کروڑ، 74 لاکھ 50 ہزار روپے دئیے گئے جبکہ فوری مالی امداد کی کیٹیگری میں پولیس ملازمین کو 97 لاکھ سے زائد رقم ادا کی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس اپنے ویلفیئر ذرائع کے موثر استعمال سے فورس کو ہر ممکن ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ پولیس شہدا اور ملازمین کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پولیس فورس کو مزید سہولیات کی فراہمی کیلئے دیگر اداروں کے اشتراک سے مزید پروگرامز ترتیب دئیے جار ہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں