وزیر تعلیم نے پنجاب کی پہلی فری آئی ٹی سٹی کا افتتاح کر دیا، دائرہ کار صوبہ بھر میں پھیلانے کا عزم

بدھ 15 مئی 2024 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے گورنمنٹ اے پی ایس میموریل ماڈل ہائی سکول ماڈل ٹان میں پنجاب کی پہلی فری آئی ٹی سٹی کا افتتاح کر دیاہے۔ آئی ٹی سٹی کے پہلے سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ جے ڈی سی فائونڈیشن کے اشتراک سے پنجاب میں بننے والی پہلی آئی ٹی سٹی میں دو سے تین ماہ کے دورانیہ پر مشتمل جدید آئی ٹی کورسز مفت کروائے جائیں گے۔

داخلہ لینے والے افراد کو ایمازون، گرافکس، دراز، وال مارٹ سمیت دیگر کورسز بلامعاوضہ کروائے جائیں گے جبکہ کورسز مکمل کرنے والوں کا ٹیسٹ لینے کے بعد میرٹ پر سرٹیفکیٹ دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب کے طلبہ اور نوجوانوں کو جدید آئی ٹی سکلز سے روشناس کروانے کا سفر شروع ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ اے پی ایس سکول میں بننے والا سنٹر آئی ٹی سٹی کے سلسلے کا پہلا سنٹر ہے۔

ان سنٹرز کو مرحلہ وار پورے پنجاب میں پھیلایا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، روبوٹیکس اور ای کامرس کا دور ہے۔ ترقی کا سفر آئی ٹی کے راستے سے ہو کر گزرتا ہے۔ آج کے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔ آئی ٹی اور فنی سکلز پر عبور حاصل نہ کر سکنے والی قومیں ترقی کا سفر کبھی طے نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر فنی سکلز کے ذریعے خود مختار بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن آئی ٹی کورسز کیلئے نوجوانوں کو لاکھوں روپے خرچ کرنے پڑتے تھے وہ اب نہیں کرنے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی بہترین اور منفرد آئی ٹی سٹی ثابت ہوگی جس میں داخلے کے حوالے سے ہر سال باقاعدہ ٹارگٹ سیٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ویژن پنجاب کے تمام نوجوانوں اور افراد کو دور حاضر کی جدید مہارات سکھانا ہے۔

انہی مہارات کے ذریعے نوجوانوں کو اس قابل بنائیں گے کہ وہ بے روزگاری جیسے کرائسز کا مقابلہ کر سکیں گے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے پنجاب حکومت کی جانب سے آئی ٹی سٹی میں تعاون اور اشتراک پر جے ڈی سی فائونڈیشن کا شکریہ بھی ادا کیا اور فانڈیشن کے اشتراک سے صوبے بھر میں 100 آئی ٹی سنٹرز کے آغاز کے عزم کا اظہار کیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر، جے ڈی سی کے جنرل سیکرٹری ظفر عباس، علی شیخانی، ایم پی اے اسامہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں