پی ٹی آئی حقیقت ،نظر انداز کرکے ملکی معاملات میں سدھار نہیں لایا جا سکتا‘ مسرت جمشید چیمہ

صوبے کو اپنی ذاتی اناء کی تسکین کیلئے تجربات کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے ‘ سینئر رہنما تحریک انصاف

جمعہ 17 مئی 2024 13:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کی حل کی بجائے ڈنگ ٹپائو میراث کو آگے بڑھا یا جارہا ہے ، خدارا صوبے کو اپنی ذاتی اناء کی تسکین کیلئے نت نئے تجربات کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے ، عوام بر ملا کہہ رہے ہیں جس محکمے کی چاہیںیونیفارم پہن لیں لیکن ہمارے دیرینہ مسائل کو حل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کے بہترین مفاد میں اس منفی روش کو ترک کیا جائے کہ یہ ہماری مخالف سیاسی جماعت کے دور حکومت کا منصوبہ ہے اسے آگے نہیں بڑھایا جائے گا ، یاد رکھیں ایسے منصوبوں پر عوام کے ٹیکسوں کے پیسے خرچ ہوئے ہیں لہٰذا انہیں کسی کی ضد اور اناء کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے مسائل ہر گزرتے دن کے ساتھ گھمبیر ہوتے جارہے ہیں جبکہ مسلط کئے گئے حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں جو ناانصافی اور ظلم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی حقیقت ہے اوراسے نظر انداز کرکے ملک کے معاملات میں سدھار نہیں لایا جا سکتا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں