فوڈاتھارٹی کی جانب سے 1544 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ ،5یونٹس کی پروڈکشن بند، 15لاکھ سے زائد کے جرمانے

5100لٹر ملاوٹی دودھ، 800کلو بیمار مرغیاں، ناقص آئل اور بھاری مقدار میں ممنوعہ ایکسپائر اشیا ء تلف کرا دی گئیں

جمعہ 17 مئی 2024 17:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) پنجاب فوڈاتھارٹی کی جانب سے 1544 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی ،5یونٹس کی پروڈکشن بند، 15لاکھ سے زائد کے جرمانے اور4مقدمات درج کرائے گئے،5100لٹر ملاوٹی دودھ، 800کلو بیمار مرغیاں، ناقص آئل اور بھاری مقدار میں ممنوعہ ایکسپائر اشیا ء تلف کرا دی گئیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق ملک پروسیسنگ یونٹ میں پائوڈر، فرمالین اور چینی کی ملاوٹ سے جعلی دودھ تیار کیا جارہا تھا،مضر صحت دودھ کو مختلف برانڈز کی پیکنگ لگا کر فروخت کے لیے تیار کیا جارہا تھا۔

ٹولنٹن مارکیٹ سپلائی کے لیے آنے والی موذی بیماری زدہ مرغیاں پکڑ لی گئیں،معروف فوڈ پوائنٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات، جالے لگی دیواریں، زنگ آلود برتن استعمال پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں،مضر صحت آئل، کھلے مصالحہ جات اور ممنوعہ اجزا ء کی ملاوٹ سے کھانے تیار کیے جارہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق پکڑے جانے والا ملاوٹی دودھ اور بیمار گوشت کہاں کہاں سپلائی ہونا تھا،ویجیلنس ٹیم کو ٹاسک تفویض کر دیا گیا ہے،ملاوٹی دودھ اور ناقص گوشت خریدنے والے فوڈ پوائنٹس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

میٹ سیفٹی ٹاسک فورس علی الصبح ناکہ بندی کر کے اور ٹولنٹن مارکیٹ میں سپلائی چین کی مسلسل چیکنگ کی جا رہی ہے،مضر صحت دودھ اور بیمار گوشت بچوں اور بزرگوں کی صحت کے لیے انتہائی مضر ہوتا ہے،پنجاب میں دودھ اور گوشت کی مکمل ٹریسیبیلٹی کے لیے بین الاقوامی طرز پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں جعلسازی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،مضر صحت اشیا ء کے بیوپاری باز رہیں، کاروبار کے خاتمے کیساتھ ساتھ قانونی کاروائی بھی کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں