محکمہ جنگلات پنجاب کے فائر سیزن کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت انتظامات مکمل

جمعہ 17 مئی 2024 23:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) سنیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی خصوصی ہدایات پر محکمہ جنگلات پنجاب کے فائر سیزن کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔اس حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ جنگلات پنجاب کا کہنا تھا کہ فائر فائٹنگ کیلئے محکمہ جنگلات کے عملہ نے ریسکیو 1122سے خصوصی تربیت حاصل کی ہے اور آگ بجھانے کیلئے فرضی مشقیں بھی کرائی گئیں ہیں۔

مدثر وحید ملک کا کہنا تھا کہ جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لئے محکمہ جنگلات، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 کے مابین موثر روابط کا نظام مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں موجود کنٹرول رومز 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں اور راولپنڈی ڈویژن خصوصاً مری اور کوٹلی ستیاں کے جنگلات کو آگ سے بچانے کیلئے ڈرونز کی مدد سے جنگلات کی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری فارسٹ نے کہا کہ فائرسیزن میں آگ پر قابو پانے کیلئے مقامی لوگوں کو بھی متحرک کیا گیا ہے اور آگ پر قابو پانے میں لوگوں نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھر پور حصہ لیا ہے۔سیکرٹری محکمہ جنگلات مدثر وحید مراد کا مزید کہنا تھا کہ فائر سیزن کیلئے راولپنڈی ڈویژن کے جنگلات میں عرصہ دراز سے غیر فعال واچ ٹاور فنکشنل کیا گیا ہے تا کہ آگ کی بروقت نشاندہی کر کے موثر طریقے سے فوری کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔

جنگلات میں آگ کی اطلاع اور فوری موثر کارروائی کیلئے راکھے بھی تعینات کئے گئے ہیں اور فائر لائنز کی صفائی و محکمہ جنگلات کے عملہ کو بر وقت آگ پر قابو پانے کیلئے آگ بجھانے والے جدید طرز کے آلات بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کی طرف سے جنگلات میں لگنے والی آگ کی تفصیل، نقصان اور بر وقت کاروائی کے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر جاری کی جا رہی ہے۔

سیکرٹری محکمہ جنگلات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں ضلع مری، اٹک، چکوال بہاولپوراور سیالکوٹ کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔جن پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے محکمہ جنگلات، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122کی ٹیموں نے آگ پر قابو پایا۔ آگ لگنے کے ان واقعات میں کوئی بھی جانی و مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ مری میں دو مقامات پر لگنے والی آگ سی5-6 ایکڑ رقبہ پر موجود گھاس اور جھاڑیوں کو نقصان پہنچا، تاہم درخت محفوظ رہے ۔سیکرٹری جنگلات مدثر وحید ملک کا یہ بھی کہنا تھا کہ لال سہانرا نیشنل پارک RD-50 میں لگنے والی آگ کو بھی بر وقت کاروائی کرکے بجھایا گیا اور کوئی جانی و مالی نقصان نہ ہوا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں