وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہر گلی محلے کو چمکانے کا عزم

جمعہ 17 مئی 2024 23:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کی ہر گلی محلے کو چمکانے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے 15 روزہ زیرو ویسٹ مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ایل ڈبلیو ایم سی زیرو ویسٹ مہم کی افتتاحی تقریب میں ایکٹنگ چیئرمین ملک بلال ذوالفقار کھوکھر سمیت سیاسی اور سماجی رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سیاسی رہنمائوں اوریوسی چیرمین کی جانب سے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے صوفی آباد، نشتر ٹاؤن میں زیرو ویسٹ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ 15 روزہ مہم کے دوران لاہور کے 9 ٹائونز کو مرحلہ وار زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں نشتر ٹاؤن اور عزیز بھٹی ٹاؤن میں خصوصی صفائی ایکٹیویٹیزکی جائیں گی۔

روزانہ 5 ہزار سے زائد کنٹینرز کلیئرنس کے ساتھ ساتھ گلی محلوں کی مینوئل سویپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی عمر چوہدری کے مطابق خصوصی مہم کے دوران 500 سے زائد اوپن پلاٹس کو زیرو ویسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ سموگ کے پیش نظر سڑکوں کی سکریپنگ کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا جبکہ رات کی شفٹ کے ساتھ ساتھ دن کی شفٹ میں بھی مکینیکل سویپنگ اور واشنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

مون سون کے پیش نظر لاہور بھر میں گلی گریٹنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔مزید برآں صفائی سے متعلق عوامی آگاہی کیلئے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم کا آغاز کرتے ہوئے آگاہی کیمپس، ڈور ٹو ڈور کیمپین اور محلوں کی سطح پر اعلانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے لاہور کو صاف بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، کوڑا صرف کوڑے دان میں پھینکیں۔ غیر قانونی ڈمپنگ سے گریز کریں، صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں